ملفوظات حکیم الامت جلد 23 - یونیکوڈ |
شرمندگی کا تدارک یہی ہے کہ حالت سے اطلاع دینا شروع کردیں - تکدر شیخ سخت مضر ہے ' دنیا کیلئے بھی ؛دین کیلیے بھی فرمایا کہ شیخ کے قلب کو ہرگز مکدر نہ کرے اگر اس کو چھوڑنا ہی ہو تو بلا اطلاع کے چھوڑ دے - ورنہ دنیاوی زندگی اس کی تلخ ہوجاوے گی - تادم نزع اس کو چین نصیب نہ ہوگا جس کو یقین نہ ہو وہ آزما کر دیکھ لے اور ایک طرح دین کا بھی نقصان ہوسکتا ہے وہ یہ کہ ذوق و شوق جاتا رہتا ہے - اگر ہمت کرے اور طبیعت پر جبر کرے تو دینی اعمال میں کچھ فرق نہیں آتا لیکن وہ جو ایک قسم کی توفیق وتائید تھی وہ جاتی رہتی ہے - اگر ہمت سے کام لے تو اب بھی قادر ہوسکتا ہے اور اگر ہمت نہ کی تو دینی اعمال کی بھی توفیق نہ رہے گی - اس اعتبار سے شیخ کے تکدر کرنے میں دینی نقصان بواسطہ بھی ہوسکتا ہے گو بلا واسطہ دینی نقصان نہیں ہوتا - اللہ ورسول کی اجازت کے بعد کسی کی اجازت کی حاجت نہیں ایک صاحب نے لکھا کہ مناجات مقبول کی روزانہ ایک منزل پڑھنے کی اجازت چاہتا ہوں تحریر فرمایا کہ اللہ ورسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اجازت کے بعد کسی کی اجازت کی حاجت نہیں - محبت امرد کا علاج ایک صاحب نے لکھا کہ ایک لڑکے سے محبت ہوگئی ہے ہر دم دل یہی چاہتا ہے کہ اسے دیکھا کروں اور حالت نا گفتہ بہ ہے تحریر فرمایا کہ اول علاج اس مرض کا یہ ہے کہ محبوب سے ظاہر جدائی فورا اختیار کرلی جاوے - تتمہ علاج اس اطلاع کے بعد لکھوں گا - عمیلات مضر ہیں ؛ طالب حق کیلئے فرمایا کہ طالبان حق تعالیٰ کے لئے عملیات کی طرف رجوع کرنا مناسب نہیں البتہ دعا کرنا سب حاجات مشروعہ کے لئے مسنون اور نافع ہے - حضور کے دو درجے ہیں ایک صاحب نے لکھا کہ ذکر کے وقت ونیز نماز میں نہ حضور قلب ہوتا ہے نہ جمیعت