ملفوظات حکیم الامت جلد 23 - یونیکوڈ |
بالکل بے پراوئی اختیار کی جاوے کہ ادنہہ اگر آتا ہے آنے دو - اس عدم التفات سے وہ خود دفع ہوجائے گا لیکن اس عدم التفات میں بھی قصد دفع کا نہ کرے - ورنہ وہ بھی وسوسہ ہی کی طرف التفات ہوجائے گا کیونکہ جتنا اس کو کوئی دفع کرنا چاہتا ہے انتاہی اور لپٹتا ہے - بلکہ اپنی طرف سے یہاں تک کہ آمادہ رہنا چاہئے کہ اگر عمر بھر بھی اس سے چھٹکارا نہ ہو تو بلا سے نہ ہو کیونکہ کوئی نقصان کی بات نہیں البتہ اذیت ہے سو اگر کوئی مرض عمر بھر کے لئے لگ جاتا ہے تو کیا اسی میں زندگی نہیں گزارنی پڑتی پھر فرمایا کہ البتہ معصیت خواہ صغیرہ ہو یا کبیرہ وہ سخٹ اجتناب کے قابل ہے مثلا آنکھ کا گناہ کان کا گناہ قلب کا گنا ہ اور وساوس گو بذاتہ مضر اور قابل قلق نہیں لیکن ان سے کبھی ان کے منشا یعنی معاصی کا پتہ چلتا ہے - یہ بات البتہ قابل قلب ہے اور ان سے اجتناب کی کوشش ضروری ہے پھر فرمایا کہ آپ اگر دلائل کی فکر میں پڑیں گے تو وساوس کادونا ہجوم ہوگا اور مرض بڑھتا ہی جاوے گا بلکہ یوں سمجھئے کہ جو لوگ مجھ سے زیادہ علم اور فہم اور تقویٰ میں ہیں انہوں نے جب اچھی طرح تحقیقات کرلی تو پھر ہماری تحقیقات کی کیا حاجت ہے بس ایسے لوگوں کی بلا تردد تقلید کرنی کافی ہے کیونکہ یہ ظاہر ہے کہ ہماری تحقیق ان کی تحقیق کے برابر نہیں ہوسکتی - پھر کچھ دیر تامل فرما کر استفسار فرمایا کہ آخریہ مرض آپ کو پیدا کب سے ہوا - عرض کیا کہ بچپن ہی سے یہ مرض ہے جبکہ میں ابتدائی کتابیں پڑھتا تھا - فرمایا لہ آپ نے اس کا اظہار کسی سے کیا عرض کیا نہیں فرمایا کہ آپ نے غضب کیا اور سخت غلطی کی جو اس مرض کو چھپایا میرے نزدیک طب کا پڑھنا آپ کے لئے بالکل حرام تھا اور اب بھی میں آپ کے لئے طب کے مشغلہ کو ناجزئز سمجھتا ہوں کیونکہ اس میں صحبت اہل باطل کا زیادہ موقع ہے اور وہ آپ کے لئے سخت مضر ہے - اب آپ کو یہ چاہئے کہ اس مشغلہ کو بالکل ترک کرکے کسی کی جوتیوں کے نیچے خاک ہوجائے - یعنی پیش مرد کا ملے پامال شو - اور اہل اللہ کی جماعت میں ملے جلے اور ان سے لگے لپٹے رہ کر مزدوری سے اپنا اور اپنے اہل وعیال کو پیٹ پال کر گزارا کیجئے ورنہ ان سے علیحدہ اس مشغلہ میں مشغول رہنا تنہا سمندر میں کودنا ہے ان کی صحبت سے ان کے نورانی قلب کا پر تو آپ کے قلب پر پڑےگا جس سے آپ کے قلب میں ایک نورانیت پیدا ہوگی جس کے غلبہ سے ان وساوس کا پتہ بھی نہ رہے گا اور ایک سکون محض قلب کو حاصل ہوجائے گا