ملفوظات حکیم الامت جلد 29 - یونیکوڈ |
ہر کام میں انجام بینی چاہئے : وہ تقریر یہ تھی کہ یہ غور کر لینا چاہئے کہ اس سفر میں ( ارادہ ان کا بریلی کانپور جھانسی کا تھا ) مصالح زیادہ ہیں یا مضار - مصلحت تو صرف یہ ہے کہ مظہر کے گھر میں تنہا ہیں ذرا تقلیل وحشت ہوگی اور مضار یہ ہیں صعوبات سفر مہمان عورتوں کی دل شکنی گو ادنیٰ درجہ کی ہو - روپیہ کی اضاعت کم از کم سو روپیہ کا خرچ ہے - ریل کا کرایہ جگہ جگہ اترنا - دینا لینا کانپور میں ایک دوست کی حالت نازک ہے ان کے یہاں جس بہانہ سے بھی کچھ پہنچ جاوے بہتر ہے ان کی لڑکیوں کو کچھ دینا چاہئے تو منفعت تو ایک ہے اور مضرتیں کئی - دیکھ لو ترجیح کس کو ہونی چاہئے - انہوں نے کہا کہ اس تقریر سے تو طاہر ہے کہ سفر نہ کرنا چاہئے - مگر آج سے پہلے تو آپ کی رائے بھی تھی - میں نے کہا رائے نہیں اجازت تھی - اجازت اور چیز ہے اور رائے اور چیز - اجازت کے معنی ہیں کسی کام سے منع نہ کرنا اور رائے دینے کے معنی ہیں اس کام کاکسی درجہ میں امر کرنا - کہا خیر آپ منع تو نہیں کرتے - میں نے کہا نہیں منع اب بھی نہیں کرتا مگر عقل کی بات بتاتا ہوں ہر کام کام میں آدمی کو سوچ لینا چاہئے کہ نفع زیاداہ ہے یا نقصان - بمجرد ایک فائدہ کے اگر کام کیا جاوے تو کوئی کام بھی فائدہ سے خالی نہیں - اچھے اور برے کی تمیز کا کوئی معیار ہی نہ رہے گا - اخیر میں میں نے کہا میں نتیجہ ابھی سے بنائے دیتا ہوں کہ جاؤگی خوشی خوشی اور آؤگی پچھتاتی ہوئی - کہا آپ مجھے کوستے ہیں - میں نے کہا اگر یہ کوسنا ہے تو طبیط تو دن رات مریضوں کو کوستے ہیں - کہتے ہیں اگر تم گائے کا گوشت کھاؤگے تو بخار آجاوے گا علاج نہ کروگے تو مرجاؤ گے - تو کیا اس کے یہ معنی ہیں کہ طبیب اس کا بخار آنا یا مر جانا چاہتا ہے - حب مال ایک حد تک محمود ہے : فرمایا حضرت والا نے ان کی ( اہل خانہ کی ) طبیعت میں روپیہ کی محبت ذرا بھی نہیں ذرا سا بھی موقعہ ہو تو قرض کر کے کرچ کردینا کوئی بات ہی نہیں اور مجھے روپیہ کی محبت کچھ نہ کچھ ہے جس درجہ میں کہ مطلوب ہے - حب مال انسان کی جبلت میں داخل ہے -