ملفوظات حکیم الامت جلد 22 - یونیکوڈ |
اچھی خاصی مخلوق پرستی ہے ، یہ فکرخود ایک مستقل ، اور بڑا عذاب ہے کہ فلاں برا نہ کہے ، فلاں بھلاں نہ کہے ، سمجھ لے کہ برا کہنے والوں نے تو نہ اللہ تعالی کو چھوڑا ،نہ صحابہ کرام کو چھوڑا ،نہ ائمہ مجتہدین کو چھوڑا ۔ بعد علماء اور بزرگان دین تو بھلا کس شمار میں ہیں ، ایسے موقع کے متعلق ذوق نے خوب کہا ہے توبھلا ہے تو برا ہو نہیں سکتا اے ذوق ٭ ہے برا وہ ہی کہ جو تجھ کو برا کہتا ہے اور اگر تو ہی برا ہے تو وہ سچ کہتا ہے ٭ پھر برا کہنے سے کیوں اس کے برا مانتا ہے عاشق بدنام کو پروائے ننگ ونام کیا ٭ اور جوناکام ہو اس کو کسی سے کام کیا بیعت کی حقیقت تحقیق : فرمایا کہ بیعت کا حاصل یہ ہے کہ ایک طرف سے التزام ہو اتباع کا ۔ اور ایک طرف سے التزام ہو تعلیم کا بس اصل بیعت یہ ہے خواہ اس کی ظاہری صورت نہ ہو ۔ فرمایا کلام الہٰی عملیات کیلئے استعمال کرے تو برکت ضرور ہوتی ہے قلم لکھنے کیلئے ہے ۔ اگر کوئی کان کا میل اس سے نکالے تو اسمیں بھی کام آجاتا ہے ۔ مرض مزمن کا علاج تحقیق : فرمایا کہ بزرگوں سے سنا ہے کہ صبح کی نماز کے بعد اکتالیس بار الحمد شریف پڑھ کر پانی پر دم کرکے مریض مزمن کو پلایا جائے تو امید نفع کی ہے مدرس کی مدرسہ کے کام کے وقت باتیں کرنا خیانت ہے تحقیق ؛ عرض کیا گیا جو اس وقت ہوچکا یا آئندہ اتفاقا پھر ایسا ہوجائے تو کیا اس کا کوئی بدل ہوسکتا ہے فرمایا سوائے توبہ کے اور کوئی بدل نہیں ۔ عرض کیا گیا خارج اوقات میں کام کردیا جائے ۔ فرمایا یہ بھی اس کا بدل نہیں فرضوں کے قائم مقام نفلیں تھوڑا ہی ہوسکتی ہیں ۔ کام کے وقت کام کرنا چاہئے اور لوگوں کو منع کردینا چاہیئے