ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
بیدار مغز ، خود تکلیف میں رہتا ہے ( ملفوظ 524 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ یہ تجربہ کی بات ہے کہ جو آدمی بیدار مغز ہوتا ہے وہ خود تکلیف میں رہتا ہے مگر دوسروں کو اس سے راحت پہنچتی ہے اور غفلت میں رہنے والا آدمی خود آرام میں رہتا ہے اور اس سے دوسروں کو تکلیف پہنچتی ہے ۔ ترک بہادر ہیں مگر غافل ( ملفوظ 525 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ قیصر کہا کرتا تھا کہ افسر تو جرمنی ہوں اور لڑنے والے ترک ہوں تو ساری دنیا فتح کرسکتے ہیں وجہ یہ بیان کیا کرتا تھا کہ ترک بہادر ہیں مگر غافل ہیں اور جرمنی اتنے بہادر نہیں مگر بیدار ہیں ۔ آرام کرسی کا استعمال ( ملفوظ 526 ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں جو مدرسہ میں ایک آرام کرسی کے متعلق تھا فرمایا کہ جی ہاں یہ آرام کرسی رکھی تھی اس لئے کہ کبھی اس پر لیٹ جایا کروں گا تو نیند آ جایا کرے گی مگر کتابیں جو یہاں قریب ہی رکھی ہیں ہمت نہیں ہوتی آرام کرسی پر لیٹنے کی بے ادبی معلوم ہوتی ہے اب یہ ویسے ہی رکھی ہوئی ہے ۔ 4 ذی الحجہ 1350 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم دو شنبہ مؤاخذہ کے درمیان ہدیہ دینا ( ملفوظ 527 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک صاحب سے کچھ غلطی ہو گئی تھی ، ابھی ان سے اس کے متعلق خط و کتابت ہی ہو رہی تھی معاملہ صاف نہ ہوا تھا کہ ایک رقم آپ نے بطور ہدیہ بھیجی میں نے روپیہ واپس کر کے لکھ دیا کہ میں کوئی رشوت کھاتا ہوں پھر لکھا ہوا آیا کہ میں نے محبت کی وجہ سے بطور ہدیہ بھیجا تھا ، رشوت کی نیت سے نہ بھیجا تھا ، میں نے لکھا کہ بطور ہدیہ ہی سہی مگر بے موقع بھیجا اس لئے مشابہ رشوت کے ہو گیا وہ روپیہ وصول نہ کیا اس لئے کہ اصول کے خلاف تھا آج تک