ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
بسم اللہ الرحمن الرحیم الحمدللہ و کفی و سلام علی عبادہ الذین الصطفی 27رمضان المبارک 1350ھ بوقت صبح پونے نو بجے یوم جمعہ دوسرے شخص کی مشغولیت کا خیال چاہیے (ملفوظ 1) حضرت والا اپنے خاص وقت میں اپنے کام میں مشغول تھے چند دیہات کے لوگ آ کر محض مجلس آرائی کے لیے پاس بیٹھ گئے ۔ فرمایا کہ خدا معلوم کیا ان گاؤں والوں میں عقل ہی نہیں ہوتی وہاں سے تو چل کر آئے تھے نماز پڑھنے کو اور آ کر بیٹھ گئے میرے پاس اگر کوئی ان کی کھیتی وغیرہ کے کام کے وقت ان کی چھاتی پر جا چڑھے تب حقیقت معلوم ہو جیسے خود فرصت ہے ۔ سمجھتے ہیں سب کو فرصت ہے ۔ میں کہا کرتا ہوں کہ پیروں کو ایسا بے حس سمجھتے ہیں جیسے بت ۔ یہ لوگ یوں سمجھتے ہیں کہ فنافی اللہ ہوں گے انہیں کچھ نہیں جیسے بت کو چڑھاوے چڑھاؤ جب رضی جوتے لگاؤ جب راضی تسبیح لینا غضب ہے جہاں ہاتھ میں تسبیح لی اور سب باتیں بے حسی کی رجسٹری ہوئیں فرمایا کہ آج مجلس میں خاص کے لیے بیٹھتا مگر اب نہیں بیٹھوں گا ، لوگ دق کریں گے وہ آ کر میرے پاس جمع ہوں گے میں بگڑوں گا دق ہوں گا اس لیے آج کا بیٹھنا ہی موقوف کر دیا ، یہ فرما کر حضرت والا مکان پر تشریف لے گئے ۔