ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
تھیں چرخہ چلاتی تھیں اس سے ان کی صحت اچھی رہتی تھی اب قطعا یہ چیزیں چھوڑ دی گئیں تو عورتوں کی بھی صحت خراب رہنے لگی ۔ میں نے ایک موقع پر عورتوں سے کہا کہ تم بے کار ہوئیں تھیں اپنی نسلوں کو کیوں بے کار کرتی ہو ان سے چکی پسوایا کرو جواب ملا کہ نوج میں نے کہا موج کرو یہ نعوذ کی گت بنائی گئی ہے جس کو نوج کہتے ہیں ۔ حضرت کی تقریر اور وکلاء کی خواہش ( ملفوظ 512 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ جس وقت شروع شروع کانپور گیا تو اس وقت عمر تقریبا بیس برس کی تھی سبزہ آغاز تھا علم نیا نیا تھا تقریر رواں تھی آواز بلند تھی بڑے بڑے بیرسٹر وعظ میں شریک ہوتے تھے ایک وعظ سن کر ایک وکیل صاحب نے کہا کہ کس ظالم نے آپ کو عربی پڑھائی آپ تو انگریزی پڑھتے بڑے زبردست بیرسٹر ہوتے ان کے نزدیک یہی بڑا کمال تھا ۔ 3 ذی الحجہ 1350 ھ ۔ مجلس بعد نماز ظہر یوم یکشنبہ آسیب کے نقش پندرہ میں ترمیم ( ملفوظ 513 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ محقق کی ہر ضروری چیز پر نظر ہوتی ہے ہمارے حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پاس ایک پندرہ کا نقش تھا اس کے ہر چہار گوشوں پر اجب یا جبرائیل اجب یا میکائیل وغیرہ لکھا تھا جس کو باقی رکھا جائے تو موہم شرک اور حذف کیا جائے تو عمل ناتمام حضرت نے اس میں اس طرح اصلاح فرمائی اجب یا رب جبرائیل اجب یا رب میکائیل جس میں سب ضروری رعایتیں ہو گئیں ایک نقش پندرہ کا میرے پاس بھی ہے اکثر آسیب زدہ کو لکھ دیتا ہوں اس کے آخر میں شیاطین کے نام کے ساتھ لکھا ہے کہ سوختہ شوند اور شریعت میں کسی کے جلانے کی اجازت نہیں میں نے اس میں اتنا اور بڑھا دیا کہ اگر نہ گریزند سوختہ اب اگر وہ جلے گا اپنی مرضی سے ورنہ ہم نے تو اس کو مہلت دے دی دیکھئے جہاد میں گو کفار کے مکانات باغات جلا دینے کا جواز ہے مگر ساتھ ہی یہ بھی حکم ہے کہ تین طرف آگ لگائی جائے ایک طرف راستہ چھوڑ دینے کا حکم ہے تا کہ کفار اگر اس راستہ سے نکلنا چاہیں نکل جائیں کوئی مدعی ادیان کا تو اپنے یہاں باغی کے ایسے