ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
(30) پیر بھائیوں سے مل کر اظہار مسرت ایک ضعیف العمر صاحب حضرت کے یہاں مہمان ہوئے حضرت والا نے فرمایا کہ یہ بڑے میاں ہمارے پیر بھائی ہیں حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت ہیں ۔ پیر بھائی تو کم لوگ ہیں اور مرید زیادہ ہیں اس لئے پیر بھائیوں سے مل کر بڑا ہی جی خوش ہوتا ہے اور ان سے مل کر طبیعت میں ایک خاص تازگی محسوس ہوتی ہے ۔ چنانچہ میں جب گنگوہ جاتا تھا تو حضرت مولانا گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ تم جب آ جاتے ہو دل زندہ ہو جاتا ہے ۔ اسی واسطے حضرت میرے سامنے حضرت حاجی رحمۃ اللہ علیہ کا بہت زیادہ تذکرہ فرمایا کرتے تھے سمجھتے تھے کہ میں نے حضرت کو دیکھا ہے اس لئے اس تذکرہ سے زیادہ لطف آتا تھا ۔ (31) بدعتی کی تعریف ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ کسی میں بدعت ہونے کےلئے یہ ضروری تھوڑا ہی ہے کہ اس میں ساری ہی باتیں بدعت کی ہوں جیسے کفر کےلئے ایک بات بھی کافی ہے کیا کفر کی ایک بات کرنے سے کافر نہ ہو گا اس طرح ایک بات بدعت کی کرنے سے بھی بدعتی ہو گا 2 رجب المرجب سنہ 1351ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم چہار شنبہ (32) امراض باطنی کے علاج کا نیا طریقہ فرمایا کہ ایک صاحب کا خط آیا ہے کچھ امراض باطنی لکھ کر علاج پوچھا ہے میں نے انہیں سے پوچھا ہے کہ تمہارے نزدیک اس کا کیا علاج مناسب ہے دیکھو کیا لکھتے ہیں اس سے ان کے فہم کا بھی اندازہ ہو جائے گا نیز ایک بات یہ بھی ہے کہ اگر میں کوئی علاج تجویز کرتا ہوں تو لوگ اس کو سخت سمجھتے ہیں اب یہ جو کچھ لکھیں گے میں اس میں تسہیل کر دوں گا تو نرمی کی قدر تو ہو گی اسی وجہ سے میں نے اپنا طرز بدل دیا ہے ۔ پہلے خود مریض سے اس کی تجویز پوچھتا ہوں بعد میں اسے مشورہ دیتا ہوں ۔ نیز اس سے علاوہ رعایت کی قدر کے ان لوگوں کو فکر اور غور کی بھی عادت ہو گی (33) حضرت شاہ عبدالعزیز صاحب کی فراست ایک بچہ تعویذ کےلئے آیا فرمایا کہ یہ نیاز کا لڑکا ہے اس کا نام ایاز ہے ۔ یہ نام میں نے