ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
جڑ ہے تمام خرابیوں کی ۔ وہ بد گمانی ہے اور اسی سے بد زبانی پیدا ہوتی ہے اگر یہ بات اس گروہ میں نہ ہوتی تو یہ بھی ایک طریق ہے گو خطرناک ہے ۔ (364) شیخ کا تکدر نہایت مضر چیز ہے ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اس طریق میں شیخ کا تکدر نہایت مضر چیز ہے ۔ لوگوں کو اس کی نہ فکر ہے اور نہ اہتمام ۔ اس وقت طریق کے آداب ہی گم ہو گئے اس ہی لئے نفع نہیں ہوتا بلکہ اکثر شیوخ خود طریق کے آداب سے بے خبر ہیں دوسروں کو کیا تعلیم کریں گے ۔ میں اسی وجہ سے بد نام ہوں کہ میں طریق کے آداب اور اس کی حقیقت کو ظاہر کرتا ہوں ۔ لوگوں کو ایک بات نئی نظر آکر وحشت ہوتی ہے باہر جاکر بد نام کرتے ہیں ۔ (365) حضرات اکابر کی عجیب ہستی ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ ہمارے حضرات کی عجیب ہستی تھی کبھی کسی بات کے پیچھے نہ پڑتے تھے ۔ ضرورت کے کام سے انکار نہ تھا ۔ عبث اور فضول سے نفرت تھی سچ یہ ہے کہ ان ہی حضرات کے ہم لوگ بگاڑے ہوئے ہیں ۔ اس پر لوگ بد نام کرتے ہیں حالانکہ حق تعالی نے خود اس کی تعلیم فرمائی ہے اسی تعلیم کے ماتحت ان کا یہ عمل تھا ۔ ارشاد فرماتے ہیں ۔ اما من استغني فانت له تصدي حضرت مولانا محمد یقوب صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پاس ایک استفتاء آیا جس میں ابن ہمام کی نسبت دریافت کیا تھا کہ یہ مجتہد ہیں یا نہیں ۔ اس کا جواب لکھنے کو مجھے فرمایا ۔ یہ زمانہ میری طالب علمی کا تا ۔ میں نے جواب لکھ کر مولانا کو سنایا ۔ فرمایا کہ بھیج دو ۔ اس جواب پر پھر سائل نے کچھ شکوک لکھے میرا خیال ان کے جواب دینے کا ہوا ۔ مولانا نے فرمایا کہ اب جواب دینے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ یہ لکھ دو کہ ہم مرغان جنگی نہیں ہیں کہ تو تو میں میں کریں اور بھی بہت علماء ہیں ان سے معلوم کر لو یہ طرز اپنے بزرگوں کا دیکھا یہی پسند ہے حضرت مولانا محمد قاسم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے رسالہ تحذیر الناس کی اشاعت پر مولانا پر کفر کا فتوی دیا گیا ۔ مولانا نے سن کر پڑھا کہ لا اله الا الله محمد رسول الله ۔ لو بھائی اب تو مسلمان