ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
اور اس کی یہ کیفیت ہوتی ہے ۔ سامنے سے جب وہ شوخ دلربا آجائے ہے تھامتا ہوں دل کو پر ہاتھوں سے نکلا جائے ہے بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ گورا آدمی حسین ہوتا ہے محض غلط ہے بعض کالا اس قدر حسین ہوتا ہے کہ اس کے چہرہ سے نگاہ ہٹانے کو جی نہیں چاہتا وہ ایک ذوقی چیز ہے اس کی کشش بھی ذوقی ہی چیز ہے ۔ (241) حضرت حکیم الامت رحمۃ اللہ علیہ کے شافی جوابات ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک صاحب نے مجھ سے بطور شکایت کہا کہ خواہ کسی خط کے کتنے ہی صفحات ہوں مگر جواب میں تمہاری ایک سطر ہوتی ہے ۔ یعنی کون سا مشکل کام ہے اس میں وقت ہی کیا صرف ہوتا ہے میں نے کہا کہ یہ تو آپ نے دیکھا کہ ایک سطر ہوتی ہے اور یہ نہ دیکھا کہ سارا پڑھنا پڑتا ہے اور اس ایک سطر میں اس خط کے تمام مضامین سے تعرض ہوتا ہے ۔ ایک اور صاحب نے مجھ سے کہا کہ جواب شافی نہیں ہوتا ۔ میں نے کہا کہ کافی بھی ہوتا ہے کہا کہ کافی تو ہوتا ہے ۔ میں نے کہا کہ بس تو شافی بھی ہوتا ہے گو وافی یعنی کثیر المقدار نہ ہو ۔ 19رجب المرجب 1351 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم شنبہ (242) اہل باطل کے اعتراضات کا راز ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ ان اہل باطل کے پاس اپنا تو کوئی ذخیرہ ہوتا نہیں جس میں مشغول ہوں ۔ بیٹھے ہوئے دوسروں پر نکتہ چینی اور اعتراضات کیا کرتے ہیں ہمیشہ ہی سے ان اہل باطل کا یہی رویہ چلا آرہا ہے اب بھی موجود ہیں اسی طرح اپنے بڑوں کی تقلید کر رہے ہیں ۔ ابھی قادیانیوں نے اخبار پیغام صلح میں کچھ اعترضات شائع کئے ہیں ۔ دو اعتراض تو پرانے ہیں ۔ ایک بہشتی زیور پر اس میں شرقی غربی میاں بیوی کا مسئلہ ہے ۔ اور ایک حفظ الایمان پر کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے علم کو نعوذ بااللہ بہائم اور مجنون کے علم سے تشبیہ دی ہے ۔ ان اعتراضوں کا تو دوبارہ اعادہ کیا ہے ۔ اور دو اعتراض نئے ہیں ایک میری تفسیر بیان القرآن پر کہ اس میں عملیات لکھ دیے اور اس سے اس کو نقش سلیمانی بنادیا اور شم الطیب پر جو مفتی الہی بخش صاحب کا رسالہ ہے