ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
جدید ملفوظات بعد الحمد والصلوۃ یہ ایک مختصر ذخیرہ ہے احقر کے ملفوظات کا ، جس کو مولوی محمد نبیہ صاحب ٹانڈوی سلمہ نے صفر تا ربیع الثانی 1348 ھ میں جمع کیا اور احقر نے اس پر نظر ثانی کی ۔ یہ مخلوط طور ضبط کیا گیا تھا ۔ مگر بعض مصالح سے مناسب معلوم ہوا کہ باعتبار نوعیت مضامین کے اس کو جدا جدا تین حصوں میں منقسم کر دیا جائے ایک حصہ خاص اپنے اکابر قریبہ کے حالات میں ۔ دوسرا خاص احقر کے تعلیمی مقالات میں ۔ تیسرا حصہ متفرق تفریحی خیالات میں ، پہلے حصہ کا لقب محفوظات تجویز کرتا ہوں ۔ کیونکہ وہ حفظ سے لکھے گئے اور قابل حفظ بھی ہیں ۔ دوسرے حصے کا نام ملحوظات چونکہ وہ اصلاح حالات میں قابل لحاظ ہیں ۔ تیسرے حصے کے نام محظوظات ( بمعنی محظوظ بھا کقولہ حجابا مستورا ای مستورا بہ و قولہ حجرا محجورا ای محجورا بہ ) کیونکہ اس کا طبعی اور اول اثر حظ و نشاط ہی ہے اور مجموعہ کا لقب جدید ملفوظات ، کیونکہ اس کا مادہ باعتبار معنی کے سب کو عام ہے اور جدید کی قید دوسرے ملفوظات سے ممتاز کرنے کے لئے ہے اور پہلا حصہ کہ ان ملفوظات میں وہی زیادہ مقصود تھا جس کی وجہ اس کے خطبہ سے واضح ہو گی ۔ اس مقصودیت کے سبب جدا گانہ شائع ہونے والا ہے ۔ ( اس کے بعد شائع ہو گیا ۔ اور اب یہ تینوں حصے یکجا شائع ہو رہے ہیں 12 ) جس کا لقب ( اشرف التنبیہ فی کمالات بعض ورثۃ الشفیع النبیہ ) قرار دیا گیا ہے اس لئے اس مقام پر صرف بقیہ دو حصوں کو مرتب کیا جاتا ہے یعنی ملحوظات و محظوظات جو شخص اس سے نفع عقلی یا طبعی حاصل کرے رابط و ضابط دونوں کو دعائے خیر سے یاد کرے ۔ واللہ ولی النفع و بیدہ کل خفض و رفع ۔ اشرف علی عفی عنہ تھانہ بھون