ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
دیکھ کر یہ کہیں گے کہ نہ معلوم اس وقت شاہ صاحب عرش کی سیر کر رہے ہیں یا کرسی کی تو کیا یہ ریاء نہ ہو گی بس جاؤ اپنا کام کرو ۔ ایک نقشبندی نے چشتی سے کہا کہ میں نے سنا ہے آپ ذکر جہر کرتے ہیں اشارہ لطیف تھا کہ لوگوں پر ظاہر ہوگیا اور ریاء ہو گئی چشتی نے کہا کہ میں نے سنا ہے آپ ذکر خفی کرتے ہیں ( مطلب یہ کہ جب خفی کی بھی لوگوں کو خبر ہو گئی تو خفی سے کیا فائدہ ہوا ) اور ذکر جہر سے بچنے کا سبب کبھی نفس کا ایک کید بھی ہوتا ہے وہ یہ کہ جب ذکر جہر کرے گا تو ظاہر ہے پڑوسیوں کو خبر ہوگی اور جس دن نہ اٹھے گا تو سمجھیں گے کہ آج شاہ صاحب نہیں اٹھے اور ذکر خفی میں جس دن چاہے کرو ۔ جس دن چاہے نہ کرو ۔ کبھی اس لئے خفی کو اختیار کیا جاتا ہے ۔ یہ ہیں دھوکے جس پر مبصرین ہی کی نظر پہنچتی ہے اس واسطے شیطان پر ایک فقیہ ہزار عابد سے بھاری ہے ۔ حدیث ہے فقیہ واحد اشد علی الشیطان من الف عابد کیونکہ شیطان مدت میں تو ایک کید بناتا ہے اور یہ اس کے کید پر مطلع ہو کر ذرا سی دیر میں توڑ پھوڑ کر رکھ دیتا ہے ۔ جلال آباد کے " جبہ شریف " کے بارے میں حکایت فرمایا کہ جبہ شریف جو جلال آباد میں ہے ہمارے پاس اس کی اصل ہونے کی کوئی سند نہیں ہے بس اپنے حضرات کے رجحان سے مظنون ہوتا ہے کہ یہ اصل ہی ہو گا کیونکہ جعلی کی طرف ایسے حضرات کو اس قدر کشش ہوتی نہیں ہے اسے تو دیکھ کر دل کھنچا جاتا ہے ایک دفعہ ایک شخص نے حضرت حاجی صاحب کو جلال آباد کا جبہ پہنے دیکھا تو ایک معبر نے یہ تعبیر دی کہ آپ متبع سنت ہیں ۔ آج کل کے مجتہدین کی مثال فرمایا کہ بعض لوگ جمعہ زوال سے پہلے پڑھ لیتے ہیں خدا جانے یہ کہاں سے سمجھا ہے اور اس باب میں جو شیخین کی حدیث ہے ما کنا نقبل لا نتغدی الا بعد الجمعہ اس سے تو صرف یہ پتہ چلتا ہے کہ ہم قیلولہ بعد جمعہ کے کرتے تھے یہ نہیں ثابت ہوتا کہ جمعہ وقت سے پہلے ادا کر لیتے تھے ۔ انہوں نے قیلولہ اور کھانے کو تو اپنی جگہ اور وقت سے نہ ہٹایا اور جمعہ کو ہٹا دیا ۔ کیا یہ نہیں ہو سکتا کہ جمعہ اپنے وقت پر ہوا اور قیلولہ