ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
(ملفوظ 150) تعویذ دینے کا وقت: ایک صاحب نے کسی مریض کیلئے تعویذ مانگا دریافت پر معلوم ہوا کہ اس کو سخت بخار ہے اور بہکی بہکی باتیں کرتا ہے تیمار دار سمجھے کہ کسی آسیب وغیرہ کا خلل ہے حضرت قبلہ نے فرمایا کہ بھائی اس کا علاج کرو مرض میں ایسا ہوا کرتا ہے جیسا کہ تم بیان کرتے ہو البتہ اگر حکیم کہہ دے کہ بیماری نہیں ہے وقت تعویذ لینے کا ہے اگر میں ابھی تعویذ دیدوں گا تو تم علاج سے بے فکر ہوجاؤ گے اور مرض کو ضرور ہوگا چنانچہ حضرت والا نے اس وقت تعویذ نہیں دیا ۔ (ملفوظ 151) گالی ہلکی ہونے کی دلیل : فرمایا کہ بعض لوگ مجھے خطوں میں گالیاں لکھ لکھ کر بھیجتے ہیں مگر خیر مجھے یہ سب گوارا ہے کیونکہ جب ( گالا ) روئی کا جامع ) ہلکا ہوتا ہے تو گالی ضرور ہی ہلکی ہوگی اس لیے اس کا مجھ پر کچھ اثر اور ناگواری نہیں ۔ (ملفوظ 152) ہمت اور حمیت کے خلاف رقم واپس کردیتا ہوں : فرمایا کہ بعض لوگ مجھے یہ اجازت دیتے ہیں کہ یہ رقم خواہ طالب علموں کو دیدیجئے یا خود اپنے صرف میں کر لیجئے مگر میں ایسی رقم کو اس لیے واپس کردیتا ہوں کہ قلب میں ایسی رقم کی نسبت دو خیال پیدا ہوتے ہٰیں ایک تو یہ خیال آتا ہے یہ رقم اپنے صرف میں کرلوں مگر پھر خیال ہوتا ہے کہ طالب علموں کے صرف کیلئے بھی اجازت دی ہے ۔ لہذا حمیت کے خلاف ہے کہ اپنے صرف میں کرلوں دوسرا یہ خیال ہوتا ہے کہ اچھا طالب علموں کے صرف کردوں ۔ مگر یہ نفس یہ کہتا ہے کہ آخر اپنے خرچ میں لے آنے کی بھی تو اجازت دی ہے اور اتنی میری ہمت نہیں کہ جب میرے صرف کیلئے اجازت ہے تو پھر طالب علموں کو دیدوں پس وہ تو حمیت کے خلاف اور یہ ہمت کے خلاف اسلیے واپس کرتا ہوں وہ دوسری بات ہے کہ جب میری ملک ہوجائے تو میں اپنی خوشی سے طالب علموں کے خرچ میں بغرض ثواب خود ہی صرف کردوں ۔ فائدہ : صاف طور پر تعین کے ساتھ پیش کرنا چاہیے ۔