ملفوظات حکیم الامت جلد 20 - یونیکوڈ |
ہوں کہ کھانا سویرے مل جائے جو کچھ رات کا بچا ہوا رکھا ہو ۔ وہی کافی ہے ۔ چنانچہ انہوں نے کچھ کھانا تازہ پکوایا اور زیادہ تر باسی لا کر رکھدیا ایک کھانا کس کو کہتے ہیں فرمایا منصف صاحب اکبر پور کے سامنے ۔ وعظ میں طعام واحد کی فضیلت بیان ہوئی ۔ انہوں نے دعوت کی تو صرف شوربا اور دہی لا کر رکھ دیا ۔ اور کہا معاف کیجئے گا دو کھانے ہو گئے میں نے کہا دو سے مراد وہ دو کھانے ہیں جن میں تناسب نہ ہو ۔اور جن میں تناسب ہو وہ واحد کے حکم میں ہیں دیکھئے بنی اسرائیل پر حق تعالی نے من و سلوی اتارا یہ دو چیزیں ہیں ۔ مگر وہ کہتے ہیں ۔ لن نصبر علي طعام واحد چونکہ دونوں چیزوں میں تناسب تھا اس واسطے ایک کہا پھر میں نے کہا لیجئے میں ان دونوں کو صورت میں بھی دور نہیں رکھتا ہوں اور دہی کو شوربے میں ملا دیا ۔ اور حضرت نے فرمایا کہ میں نے ڈھاکہ میں جہاں کھانے میں باوجود ممانعت کے گھی بہت ہی زیادہ ہوتا تھا گھی زیادہ نہ کھانے کی فضیلت ایک مرتبہ آیت سے ثابت کی تھی اس طرح کی حق تعالی نے جنت میں چار نہریں رکھی ہیں ۔ فيها انهار من ماء غير اسن وانهار من لبن لم يتغير طعمه وانهار من خمر لذة للشاربين وانهار من عسل مصفي اگر گھی بھی کوئی زیادہ کھانے کی چیز ہوتی تو جنت میں ایک نہر گھی کی بھی ہوتی ۔ اور فرمایا میں ماش کی دال کو گائے کے گوشت میں ملا کر بڑے شوق سے کھاتا ہوں اور اس کو مسلمان دال کہا کرتا ہوں ۔ قریب آٹھ بجے صبح کے تقریبا پچیس آدمیوں کا مجمع تھا ایک شخص بڑی سی ٹوپی اوڑھے ہوئے اور کوٹ پہنے ہوئے تھے ان کی وضع قطع سے معلوم ہوتا تھا کہ موٹر کے یا انجن کے ڈرائیور ہیں بولنے والے بہت تھے ۔ ہر بات میں دخل دیتے تھے ۔انہوں نے اس مجلس میں ایک خان صاحب (یہ خاں صاحب غالبا عبد الباقی خاں صاحب تھے جو حضرت والا سے دیر سے باتیں کر رہے تھے اور حضرت کو ان سے خصوصیت ہے ۔ 12 ) کو مخاطب کر کے کہا اب میں جرات کرونگا کہ آپ سے عرض کروں کہ مولانا صاحب سے سفارش کر دیں کہ میرے وعظ کی درخواست کو منظور فرمادیں ۔ ہم لوگ جاہل ہیں علماء کا رونق افروز ہونا ہماری خوش قسمتی ہے تو اس موقعہ پر بھی ہم کو فائدہ نہ پہنچے تو بڑی محرومی ہے ۔ خان صاحب نے کچھ جواب نہ دیا ۔ حضرت والا نے فرمایا سفارش کا کیا موقعہ ہے یہ کام ایسا نہیں ہے جسکے لئے لوگوں کے بیچ میں ڈالنے کی ضرورت ہو ایک تو یہ کہ دین کا کام دوسرے سفارش کی ضرورت بڑے آدمیوں کے یہاں ہوتی ہے ۔