ملفوظات حکیم الامت جلد 20 - یونیکوڈ |
استیلاء کافر موجب ملک ہے ۔ سوال : (چونکہ یہ تقریر بھی مبحث تقلید میں شامل ہے ۔ لہذا یہاں سے لغایت صفحہ 115 تقریر ادب الاعلام کے آخیر میں بھی نقل کر دی گئی ہے ۔ ) محکمہ تعلیم کے مصارف محکمہ چنگی سے پورے ہوتے ہیں ۔ تو محکمہ تعلیم کی تنخواہ حلال ہے یا نہیں ۔ فرمایا استیلاء کافر موجب ملک ہے امام ابو حنیفہ کے نزدیک یہاں بھی مسئلہ ابو حنیفہ ہی کا کام آتا ہے ایک انگریز نے لکھا ہے کہ سلطنت کسی کے فقہ پر نہیں چل سکتی سوائے فقہء حنفی کے ایک سیاسی کا یہ کہنا ضرور بڑے تجربہ کی خبر دیتا ہے ۔ احتساب سلطان کا کام ہے ۔ امام ابو حنیفہ کی عجیب نظر ہے دیکھئے امام صاحب کا قول ہے کہ آلات لہو کو توڑ ڈالنا واعظ کو یا کسی کو جائز نہیں اگر کوئی توڑ دے تو ضمان لازم آئے گا یہ کام سلطان کا ہے وہ احتساب کرے اور توڑے پھوڑے اور سزا دے جو چاہے کرے دیکھئے اس میں کتنا امن ہے سوائے سلطان کے اور کسی کے احتساب کا یہ نتیجہ ہوتا ہے کہ وہ کام بند تو ہوتا نہیں جنگ وجدل اور فتنہ ہوتا ہے اور باہمی منازعات بڑی دور تک پہنچ جاتے ہیں ۔ علی ہذا اقامت حدود سلطان ہی کے ساتھ خاص ہے ۔ فقہ جامع ہونا چاہئے فقہ بڑی مشکل چیز ہے فقیہ کو بڑا جامع ہونا چاہئے فقیہ بھی ہو اور محدث بھی ہو متکلم بھی سیاسی دماغ بھی رکھتا ہو بلکہ کہیں کہیں طب کی بھی ضرورت ہے ۔ فقہ بڑی مشکل چیز ہے مگر آجکل بعض لوگوں نے اس کی کیا قدر کی ہے کہ فقہا پر سب وشتم کرتے ہیں ۔ یہ گروہ نہایت درجہ مفسد ہے یہ لوگ جان جان کر فساد کرتے ہیں اور اشتعال دلاتے ہیں بعض وقت تو ذراسی بات میں بڑا فتنہ ہو جاتا ہے ۔ آمین بالجہر کا قصہ ایک شخص نے کہا حضور ہا ں یہاں ایک جگہ مقلدین کی جماعت میں ایک غیر مقلد کھڑا ہو گیا ۔ اور آمین زور سے کہی تو اس سے بڑا فساد ہوا اور پولیس تک نوبت پہنچی اور مقدمہ کو بڑا طول ہوا ۔ فرمایا حضرت والا نے اس پر جنگ وجدل کرنا ہے تو زیادتی ۔ لیکن تجربہ سے ثابت ہے کہ عمل کچھ ہو مگر جس نیت سے کیا جائے اس کا اثر ضرور ہوتا ہے اگر اس نے خلوص سے اور عمل بالسنت کی نیت سے کیا ہوتا تو یہ نوبت نہ آتی ۔