ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
بد بختی کی وجہ سے بہرہ اندوز نہ ہوں ـ اور دوسری قومیں اس سے منتفع ہوں ـ اسی سلسلہ میں فرمایا جس شخص کو نبوت و رسالت کا اعتراف نہ ہو اس میں اعلی اخلاق کہاں سے آ سکتے ہیں ـ تمام اعلی اخلاق کا سر چشمہ رسالت ہے اور وہ اس کا منکر ہے اس لئے اس کے قلب پر اعلی اخلاق کا فیضان نہیں ہو سکتا ـ مسلمانوں کو اپنے مذہب کی قدر نہیں 115 ـ فرمایا آج کل لوگوں نے بلکہ مسلمانوں نے مذہب کے ساتھ کھانے کا جیسا معاملہ کر رکھا ہے کہ اپنے گھر پلاؤ ، زردہ اور مرغ مسلم بھی اچھا نہیں معلوم ہوتا اور دوسرے کے یہاں کی دال بھی پسند آ جاتی ہے معلوم ہوتا ہے کہ مذہب سے اکتا گئے ہیں اور مذہب کے ساتھ " کل جدید لذیذ ،، کا سلوک کرنا چاہتے ہیں ـ اسلامی احکام اسلامی تہذیب اسلامی اخلاق خواہ کتنے ہی اعلی اور افضل کیوں نہ ہوں پسند نہیں آتے ـ طبائع بالکل مسخ ہوتی جا رہی ہیں ـ نیک و بد کا امتیاز ہی اٹھ جاتا ہے ـ کاش مسلمان ہوش میں آئیں اور اسلام جیسی نعمت عظمی کی قدر پہچانیں ـ صبح نو بج کے 20 منٹ یک شنبہ 18 ستمبر 1938ء لکھنؤ تکلف بر طرف 116 ـ ایک صاحب زیارت کے لئے آئے اور دو زانو بیٹھ گئے ـ اس پر فرمایا تکلف کی ضرورت نہیں آرام سے بیٹھئے ـ یہ طالب علم کی مجلس ہے ـ کسی دوریش یا عالم کی مجلس نہیں کہ اس قدر تکلف کو کام میں لایا جائے ـ پیری و صد عیب 117 ـ بڑھاپے اور ضعف کے ذکر پر فرمایا کہ مولانا رومی نے مثنوی میں حکایت لکھی ہے کہ ایک معمر شخص طبیب کے پاس گئے اور ضعف بصر کی شکایت کی ـ طبیب نے کہا کہ بڑھاپے کی وجہ سے ہے ـ بڑے میاں نے ضعف معدہ کا ذکر کیا ـ طبیب نے کہا یہ بھی بڑھاپے کی وجہ سے ہے ـ انہوں