ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و ںصلی علی نبیہ لکریم رجب 1357ھ روز جمعہ بر مکان مولوی محمد حسن صاحب محلہ مولوی گنج ایک غلطی کی اصلاح 1 ـ کرنال کے ایک نواب زادہ کا خط آیا تھا اس میں جواب کے لئے ٹکٹ رکھا تھا پتہ لکھا ہوا لفافہ نہ تھا اور حضرت اقدس کا معمول یہ ہے کہ ایسی صورت میں پتہ اپنے قلم مبارک سے تحریر نہیں فرماتے ہیں بلکہ خط کے اس حصہ کو جہاں کاتب نے اپنا پتہ خود لکھا ہے اوپر کر کے ٹکٹ چسپاں فرما دیتے ہیں تاکہ پتہ میں کسی قسم کی غلطی کا بھی احتمال نہ رہے ـ اور کاتب کو یہ تنبیہ بھی ہو جائے کہ بلا ضرورت و بلا استحقاق اپنے کام کا بار دوسروں پر نہ ڈالنا چاہئے ـ چنانچہ نواب صاحب کے خط کے ساتھ بھی یہی معاملہ کیا گیا اور اس پر یہ بھی تحریر فرمایا کہ اگر خود لفافہ لکھ دیا جاتا تو مجھ کو سہولت ہوتی ـ پھر فرمایا کہ ان کے لئے یہی جواب مناسب ہے اور اصلاح کے لئے یہی کافی ہے ـ البتہ عام طور پر یہ لکھا کرتا ہوں کہ اگر لفافہ ہوتا تو مجھ کو تکلیف نہ ہوتی ـ اس واقعہ پر وصل صاحب نے عرض کیا کہ حضرت نے نواب صاحب کے لئے اپنا لفافہ غالبا اس وجہ سے خرچ نہیں کیا کہ ان کی اصلاح بھی ہو جائے کہ دوسرے کو خط لکھا جائے تو لفافہ پر پتہ خود لکھنا چاہئے اور یہ بھی معلوم جائے کہ ہم آپ کی نوابی اور ریاست سے متاثر نہیں ہوتے ہیں کہ دب کر بے اصول کام کریں اس طریقہ سے علماء کا وقار قائم رہتا ہے ـ البتہ ان کی نوابی کی اس قدر رعایت ضرور فرمائی کہ نسخہ