ملفوظات حکیم الامت جلد 25 - یونیکوڈ |
شیریں کر دیا ہے اب شوریت کا کچھ بھی اثر نہیں ـ اسی سلسلہ میں فرمایا دیوبند میں ایک عجیب کنواں ہے ـ اس کے ایک طرف کے پانی سے تو دال گل جاتی ہے اور دوسری طرف کے پانی سے بالکل نہیں گلتی ـ بعض کنوئیں ایسے بھی سننے میں آئے ہیں کہ ایک طرف کا پانی کھاری اور ایک طرف کا میٹھا ـ یہ سب قدرت کے کرشمے ہیں ـ مسلمانوں کی بے استقلالی 85 ـ فرمایا مسلمان اپنی قوت سے کام نہیں لیتے ـ استقلال اور جم کر کوئی کام نہیں کرتے ـ بہت جلد پژ مردہ اور بد دل ہو جاتے ہیں اسی لئے ان کی تحریکات غیر مکمل اور ان کے اعمال ادھورے رہ جاتے ہیں ـ یہ بات دین کی کمی ایمان کی کمزوری کی وجہ سے ہے ـ جتنی دین میں کمی ہو گی اسی قدر بزدلی پیدا ہو گی ـ دل میں مطلوب طاقت صرف روحانیت و ایمان سے پیدا ہوتی ہے اور دل کی طاقت ہی کا نام دلیری اور شجاعت ہے ـ صفائی معاملات دین کا ایک اہم جزو ہے 86 ـ فرمایا مجھ کو معاملات کی صفائی بہت پسند ہے ـ معاملات کی صفائی دین کا ایک اہم اور ضروری جزو ہے ـ اگر میں گھر والوں سے بھی کسی فوری ضرورت کے لئے کچھ قرض لے لیتا ہوں تو دوسرے وقت واپس کر دیتا ہوں اور وہ بھی لے لیتے ہیں ـ میں ان کے اس طرز عمل سے بہت خوش ہوں ـ میں نے کہہ رکھا ہے کہ جس کو جو مطالبہ میرے ذمہ ہو وہ یاد دلا دے ـ میں اس سے خوش ہوتا ہوں ـ پابندی معاملہ 87 ـ فرمایا انسان کو چاہئے معاملہ کے وقت تو اپنے آپ کو زیادہ پابند نہ کرے ـ اور بہت قیود و شروط کو قبول نہ کرے آزاد رہے ہاں جب عمل کا وقت آئے تو جتنا ممکن ہو مقید بنے اور بہتر سے بہتر طور پر کام لے ـ ہر بات کی رعایت رکھے ـ