ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
پس یہاں بھی مفت خوری میں گذری اور وہاں بھی مفت خوری سے کام بنے گا کسی کی نماز مل رہی ہے کسی کی زکوۃ بس اس طرح کام چل جائیگا - ملفوظ 512: غیبت کرے تو اپنی ماں کی کرے فرمایا کہ امام صاحب فرماتے ہیں کہ اگر غیبت کرے تو اپنی ماں کی کرے خواجہ صاحب نے بہت ہی تعجب آمیز لہجہ میں عرض کیا کہ امام صاحب نے فرمایا کہ ماں کی غیبت کرے فرمایا کہ آپ کو کیوں تعجب ہوا ہاں یہی بات فرماتے ہیں کہ میں اگر غیبت کروں تو اپنی ماں کی کروں تاکہ اگر میری نیکیاں کسی کے پاس جائیں تو ماں ہی کے پاس کیوں نہ جائیں - گھر کی نعمت گھر ہی میں رہے کہیں باہر نہ جائے - اسلئے یہ فرما دیا تو اس میں تعجب کی کون سے بات ہے - ایک بزرگ کی حکایت ہے کہ ایک شخص ان کو گالیاں دیا کرتا تھا یہ بزرگ اس کو روپیہ پیسہ دیا کرتے تھے اس نے یہ سمجھ کر کہ محسن ہیں گالیاں دینی چھوڑ دیں ان بزرگ نے روپیہ پیسہ دینا چھوڑ دیا - اس شخص نے ان بزرگ سے عرض کیا کہ حضرت یہ کیا فرمایا بھائی یہ تو لینا دینا ہے تم پہلے کچھ دیا کرتے تھے ہم بھی دیتے تھے تم نے دینا چھوڑ دیا ہم نے بھی چھوڑ دیا - ملفوظ 513: شب قدر میں تین چیزوں کا اہتمام ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت آج ستایسویں شب ہے اس کو شب قدر کہتے ہیں اس میں کیا پڑھنا چاہئیے فرمایا کہ ایسے موقع پر سلف میں تین چیزیں معمول تھیں اب لوگوں نے دو کو حذف کر کے ایک پر اکتفاء کر لیا ہے وہ تین چیزیں یہ تھیں ذکر ، تلاوت، قرآن، نفل نماز - اس میں سے عابدین نے نفل نماز اور تلاوت قرآن کو حذف کر دیا یعنی اس میں مشغولی بہت ہی کم ہے بس زیادہ تر ضربیں ہی لگاتے ہیں اور اتفاق سے مجھ کو یہ تینوں چیزیں ایک آیت میں جمع مل گئی ہیں - اتل ما اوحی الیک من الکتب واقم الصلوۃ ان الصلوۃ تنھی عن الفحشاء والمنکر ولذکر اللہ اکبر ـ الحمد اللہ حصہ اول ،، الافاضات الیومیہ ،، کا تمام ہوا -