ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
بھی مضر ہے چہ جائیکہ اہل باطل یا اہل بدعت کے پاس بیٹھے ہاں اگر اہل حق کا مذاق متحد ہو تو مضائقہ نہیں ـ جن کے مذاق متحد نہیں میں اپنے لوگوں کو ایسے بزرگوں کے پاس بیٹھنے سے بھی منع کرتا ہوں چاہے وہ اپنے ہی بزرگوں میں سے کیوں نہ ہوں نہ اس لئے کہ یہ معصیت ہے بلکہ اس لئے کہ اس میں طالب کا قلاب مشوش ہوجاتا ہے ـ ملفوظ 331: بیکاری سب خرابیوں کی جڑ ہے ایک سلسلہ گفتفو میں فرمایا کہ یہ جو بیکاری ہے یہ سب خرابیوں کی جڑ ہے ـ شیطان غیر مشغول شخص کو اپنی طرف سے مشغول کر لیتا ہے ـ ایک بزرگ مع اپنے خادم کے چلے جا رہے تھے ایک شخص راستہ پر بیکار بیٹھا ہوا تھا وہ بزرگ بدوں سلام کئے ہوئے گزر گئے ـ واپسی پر پھر اس ہی راستہ سے تشریف لائے دیکھا کہ وہ شخص تنکا لئے ہوئے زمین کرید رہا ہے آپ نے سلام کیا ـ خادم نے وجہ پوچھی فرمایا کہ یہ پہلے خالی بیٹھا ہوا تھا تو شیطان کو اس سے زیادہ قرب تھا ـ اب زمین کرید رہا ہے اس سے شیطان کو بہ نسبت اس حالت کے بعد ہے اگرچہ یہ فعل مفید نہیں مگر بیکاری سے اسلم ہے ـ ملفوظ 332: ماسوی اللہ سے قلب کو خالی کرنے مطلب اور طریقہ ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ یہ قول محققین کا نہیں کہ تمام ماسوا کو دل سے نکال کر تب اللہ کی یاد دل میں جمائے جو ایسا کرتے ہیں سخت دھوکہ میں ہیں تمام ماسوا س قلب کا خالی ہو جانا نہایت مشکل ہے ایسا سمجھنا سخت غلطی ہے اس کی نافع تدبیر یہ ہے کہ جتنا خالی کرتا رہے اتنا ہی خیر سے بھرتا رہے اور ایسی خیر بہت سی چیزیں ہیں مثلا دین کے لئے علماء صلحاء سے تعلق اور دوستی سو یہ مضر نہیں ـ بلکہ مقصود کی معین ہیں لوگ ان باتوں کو سمجھتے نہیں ـ ان باتوں کو صاحب بصیرت سمجھتا ہے ـ امام شافعی رحمتہ اللہ کا قول ہے کہ جب سے یہ معلوم ہوا کہ جنت میں دوستوں سے ملاقات ہو گی جنت کی تمنا ہو گئی ـ سو ایسے ہی دوست مراد ہیں ـ