ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
ایک مولوی صاحب نے کسی بات پر عرض کیا کہ حضرت کفر کا اندیشہ ہے اس پر فرمایا کہ کفر بڑی مشکل سے آتا ہے ہاں اندیشہ کفر میں میں بھی متفق ہوں باقی کفر کو تو کوئی ہاتھ جوڑ جوڑ کر بلائے تب بھی مشکل ہی سے آتا ہے ـ ملفوظ 406: حضرت حاجی صاحبؒ کی تعلیم و تسلی ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ حضرت حاجی صاحبؒ کا مذاق اس قدر محققانہ اور مربیانہ ہے کہ کبھی کسی کو پریشانی ہو ہی نہیں سکتی حضرت اس فن کے مجدد تھے امام تھے کیسی پاکیزہ اور تسلی بخش تعلیم ہے جو اوپر کے ملفوظ میں گذری ہے کہ کیا یہ نفع نہیں ہے کہ اللہ تعالی کا نام لیتے ہو - اس کا حاصل یہ ہوا کہ یہ سوال کہ اللہ کا نام لینے سے کیا نفع ہوا جب کرو جب کہ ذکراللہ مقصود بالغیر ہو ـ اب بتلایئے کہ جو شخص ذکر کو مقصود سمجھے گا اس کو کیا پریشانی ہو گی اس لئے پریشانی تو مقصود حاصل نہ ہونے پر ہوا کرتی ہے ـ ملفوظ 407: جاہل صوفیوں کا جنت سے استغناء ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت آجکل جاہل صوفی کہا کرتے ہیں کہ نہ ہم کو جنت کی خواہش نہ دوزخ سے ڈر فرمایا کہ حقیقت سے بے خبری اس کا سبب ہے اور صریح مخالفت ہے نصوص کے احکام کی یہ یہیں باتیں بگھارتے ہیں مر جانے کے بعد اگر جنت نہ ملے تب حقیقت معلوم ہو گی باقی مغلوبین کے کلام میں اگر ایسا مضمون پایا جائے اس کا منشاء دوسرا ہے - ملفوظ 408: جنت کی طلب ماموربہ ہے ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ جنت سے استغناء نہیں ہو سکتا اس کی تمنا بھی جائز اسکی طلب بھی جائز ـ بلکہ ماموربہ ـ ملفوظ 409: '' منظوم مناجات ،، میری بارکیوں دیر اتنی کرے ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت ایک مناجات منظوم ہے چھپی ہوئی جس میں جگہ جگہ یہ مصرعہ ہے کہ میری بارکیوں دیر اتنی کرے فرمایا کہ جی ہاں ! سنا ہے نہایت گستاخی کا طرز ہے