ملفوظات حکیم الامت جلد 10 - یونیکوڈ |
( ملفوظ 182 ) بچپن میں اخلاق کی کتابیں پڑھانے کی برکت فرمایا پہلے بزروں کے اخلاق اس لئے بھی درست ہوتے تھے کہ ان کو بچپن میں اخلاق کی کتابیں پڑھائی جاتی تھیں ۔ ( ملفوظ 183 ) یا قوی فرمایا پانچوں نمازوں کے بعد سر اوپر ہاتھ رکھ کر گیارہ بار یاقوی پڑھنا حافظہ کے لئے نافع ہے ۔ ( ملفوظ 184 ) خطرات نفسانی اور شیطانی علاج فرمایا خطرہ یعنی وساوس خواہ نفسانی ہوں یا شیطانی دونوں کا علاج ایک ہی ہے کہ اس طرف التفات نہ کیا جاوے ۔ ( ملفوظ 185 ) میٹھے چاول اور دہی کا محبوب ہونا فرمایا مجھ کو میٹھے چاول دہی کیساتھ بہت اچھے لگتے ہیں چونکہ دہی میں قدرے ترشی ہوتی ہے اس لئے شیرینی سے ملکر لذت بڑھ جاتی ہے ۔ ( ملفوظ 186 ) عدم اہلیت کا علم بدگمانی میں شامل نہیں فرمایا آج کل اکثر لوگوں میں اس کی اہلیت ہی نہیں کہ ان سے کوئی کام لیا جاوے اور ایسے لوگوں کی اس عدم اہلیت کے علم کو بد گمانی نہیں کہا جاسکتا کیونکہ سوء ظنی ممنوع وہ ہے جس کا منشا کوئی دلیل صحیح نہ ہو لیکن اگر کسی کے عیب جا دلائل شرعیہ سے اس شخص کو علم ہوجائے تو یوں نہیں کہہ سکتے کہ اس شخص نے فلاں کی طرف سے بدگمانی کی چنانچہ یہاں اس کا علم مشاہدہ سے ہو ہے لیکن باوجود کسی ۔۔۔۔۔۔ کی عدم اہلیت کے اپنے کو اس سے افضل نہ سمجھے کہ یہ کبر ہے ۔