ملفوظات حکیم الامت جلد 10 - یونیکوڈ |
(ملفوظ 166) مصیبت کو آسان کرنے کا نسخہ فرمایا اس مراقبہ سے زیادہ آسان اور سہل کرنے والا مصیبت کا اورکوئی طریق ہے ہی نہیں کہ اس کو سوچ لیا جایا کرتے کہ اس مصیبت میں ثواب ملے گا ۔ (ملفوظ 167) اصلاح عقیدہ کی ایک عجیب تدبیر فرمایا اصلاح عقیدہ کی ایک تدبیر یہ بھی ہے کہ اس کی اصلاح کا کام خود اس سے لے لیا جاوے ۔ چنانچہ ایک صاحب کو ایک رسالہ دیکھ کر پردہ کے متعلق کچھ شبہات پیدا ہوگئے میں نے کہا کہ تم اس رسالہ کارد لکھو اور رد کے لئے کچھ مصالحہ میں نے بھی اکٹھا کر کے ان دیدیا اس رد کرنے سے ان صاحب کے کل شبہات کی اصلاح ہوگئی ۔ میں نے ایک شخص کو اسی ترکیب سے کافر سے مسلمان کیا ۔ پھر اس کا قصہ بیان فرمایا کہ بریلی میں ایک لڑکے کو اس کے دادا نے پیش کیا کہ ان کو نماز کی نصیحت کر دو ۔ میں نے اس سے پوچھا کہ تم نماز کیوں نہیں پڑھتے اس نے صاف کہا کہ میں نماز اس لئے نہیں پڑھتا کہ (نعوذباللہ تعالٰی ) خدا کا قائل نہیں اور وہ ایک مسلم کالج میں پڑھتا تھا میں نے اس کے سر پرست سے کہا کہ تم اس کو نمازی بنانا چاہتے ہو بجائے نمازی کے مسلمان بناؤ ۔ کہنے لگے اس کی تدبیر کی جاوے ۔ میں نے کہا تم اس کو مسلم کالج سے نکال کر سرکاری اسکول میں داخل کر دو جہاں غیر مسلم لڑکے بھی پڑھتے ہوں ۔ چنانچہ ایسا ہی کیا گیا اس کے بعد اس لڑکے کے دادا سے معلوم ہوا کہ اس کی حالت بالکل درست ہوگئی اور پکا مسلمان ہوگیا اس کی وجہ یہ تھی کہ وہاں غیر مسلموں سے اکثر مذہبی کی وجہ سے ان کو مغلوب کرنے کی کوشش کرتا تھا اس سے تعصب پیدا ہو گیا ۔