ملفوظات حکیم الامت جلد 10 - یونیکوڈ |
حدیث اور قواعد و اصول فقہ ہی کی بناء پر تو میں کہتا ہوں پھر تشدد کا الزام کیسا ۔ ملفوظات جمع کردہ خواجہ عزیزالحسن صاحب ختم شد ملفوظات جمع کردہ حافظ جلیل احمد صاحب ملقب بہ القول الجلیل حصہ چہار (ملفوظ 150) بغیر شوہر کے دستخط کے کسی عورت کے خط پڑھنے کا حکم کوئی بی بی تھیں ان کا ایک عریضہ حضرت والا کی خدمت میں آیا اور اس پر ان پر بی بی کے شوہر کے دستخط نہ تھے حضرت والا نے وہ عریضہ واپس فرما دیا کہ بلا شوہر کے دستخط کے عورت کا خط پڑھنا ایسا ہے کہ جیسے بلا شوہر کے موجود گی کے اس کے ساتھ بیٹھ کر اس سے باتیں کرنا ۔ (ملفوظ 151) ایک بات بہت کام کی ہے سب کو سننا اور سمجھنا چاہئے طبقات کبری میں لکھا ہے کہ اپنے مریدوں کے سامنے اہل بدعت کی حکایت و اقوال بیان مت کرو ۔ جو خالی الذہن ہوں گے ان کے ذہنوں میں وہ واقعات پہنچیں گے اس سے ان کے ذہنوں پر برا اثر ہوگا لہذا وہ واقعات ہی مت بیان کرو اسی طرح کی ایک بات میرے ذہن میں آئی ہے اور اس وقت مجھ کو اسی کا سنانا مقصود ہے وہ یہ کہ بعض لوگ مذمت کے عنوان سے فاحشہ عورتوں کے واقعات بیان کیا کرتے ہیں سو یہ بھی نہ چاہئے کیونکہ وہ تو سمجھتے ہیں کہ ہم ان واقعات کی برائی بیان کر رہے ہیں مگر ان کے نفس کو ان واقعات میں لذت آتی ہے اس لئے ایسے واقعات کا تذکرہ ہی نہ چاہئے ۔