ملفوظات حکیم الامت جلد 9 - یونیکوڈ |
متعلق روایات سے معلوم ہوا کہ حضرت حاجی صاحب کو اس سے بہت محبت ہے اس وقت سے ان کی رائے ہم لوگوں کے متعلق بالکل بدل گئی تھی اور خصوصا مجھ سے محبت کرنے لگے تھے ـ ( 123 ) مسلمانوں کی موجودہ پستی سے تدابیر نجات ایک بار اس کا تذکرہ تھا کہ وہ کون سے اسباب ہیں کہ جن کو اختیار کرنے سے مسلمان موجودہ پستی اور تنزل سے نجات حاصل کر کے ترقی حاصل کر سکتے ہیں ارشاد فرمایا کہ بفضلہ تعالی ایسی تدابیر موجود ہیں اور ان کو ضبط کر کے رفاہ عام کے لئے شائع بھی کر دیا گیا ہے چنانچہ ابھی کچھ عرصہ ہوا کہ میں نے مسلمانوں کی موجودہ تباہی اور بربادی سے بے چین ہو کر دو کتابیں تصنیف کی تھیں جن سے ایک کا نام صیانتہ المسلمین ہے اور دوسری کتاب کا نام حیات المسلمین ہے ـ ان دو کتابوں کے اندر میں نے ان مصائب کا جو اس وقت مسلمانوں پر آ رہے ہیں پورا پورا علاج ضبط کر دیا ہے تو مسلمان ان ہی دو کتابوں پر پورا پورا عمل کر کے دیکھیں کہ ان کو کتنا نفع ہوتا ہے مگر مشکل تو یہ ہے کہ لوگ عمل تو کرتے نہیں بس شکایت کرتے ہیں کہ علماء ہماری طرف توجہ نہیں کرتے ہماری رہبری نہیں کرتے حالانکہ ـ عاشق کہ شد کہ یار بحالش نظر نہ کرو ایخواجہ دود نیست وگرنہ طبیب ہست پھر دوسری کمزوری مسلمانوں میں یہ ہے کہ ان کے اندر استقلال نہیں اگر کبھی کوئی کام شروع کریں گے بھی تو یہ نہیں کہ اس کو نباہیں بس چند روز کیا اور چھوڑ دیا ابھی ایک صاحب نے کچھ کام شروع کیا تھا جس کے نافع ہونے کا مشاہدہ ان کو شروع ہی سے ہونے لگا تھا مگر تھوڑے ہی دنوں کے بعد انہوں نے اس کام کو ختم اور ترک کر دیا ـ ( 124 ) فن سلوک میں اصل مجاہدہ ترک معاصی ہے فرمایا فن سلوک میں اصل مجاہدہ ترک معاصی ہے کہ خواہ کتنا ہی نفس کا تقاضا ہو مگر حق تعالی کی نافرمانی کے پاس نہ جائے ـ باقی رہے دوسرے مجاہدات کہ وہ تقلیل طعام اور تقلیل منام اور تقلیل کلام اور تقلیل اختلاط مع الانام ہیں سو ان چاروں مجاہدات میں سے کوئی مقصود بالذات اور فی نفسہ ضروری نہیں مگر چونکہ یہ مجاہدات معین ہوتے ہیں ترک معاصی میں ـ