ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
ہے یہ سب خدا کا فضل اور رحمت ہے جس کا میں شکر ادا نہیں کر سکتا ۔ (74) شیخ کامل کو فن سے مناسبت شرط ہے ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اس طریق سے زیادہ نازک چیز اصلاح کا کام ہے ۔ یہ بدون شیخ کامل کے نہیں ہو سکتا ۔ اور شیخ کامل سے مراد بزرگ ولی قطب غوث نہیں بلکہ فن داں مراد ہے جو فن جانتا ہو جس کو فن سے مناسبت ہو ۔ پھر اگر اس کے ساتھ تقوی طہارت بھی ہو تو اس کی تعلیم میں نور ہو گا برکت ہو گی لیکن خود فن کےلئے وہ شرط نہیں یہ تو بالکل فن طب کی طرح پر ایک فن ہے تو جیسے طبیب جسمانی کا بزرگ ولی قطب غوث ہونا شرط نہیں ایسے ہی یہاں بھی شرط نہیں ہاں فن داں ہو فن کو جانتا ہو اصلاح کےلئے کافی ہے اور اگر بزرگ ولی قطب غوث ہو مگر فن نہ جانتا ہو وہ اصلاح نہیں کر سکتا ۔ (75) بزرگوں کی دعاؤں کی برکات ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ میرے پاس سوائے بزرگوں کی دعاء کی برکت کے اور کچھ نہیں ۔ خصوصا حضرت حاجی صاحب رحمتہ اللہ علیہ اور یہ سب ان ہی بڑے میاں کی محبت شفقت توجہ دعا کے پہل ہیں ورنہ مجھے اپنی علمی عملی حقیقت خوب اچھی طرح معلوم ہے ۔ مخالف لوگ خواہ مخواہ اس کوشش میں پریشان ہیں کہ وہ میرے عیوب پر مخلوق کو مطلع کریں میں خود ہی اپنی حقیقت منکشف کئے دیتا ہوں ۔ اور اس موقع پر یہ شعر پڑھا کرتا ہوں ۔ میں گلہ کرتا ہوں اپنا تو نہ سن غیروں کی بات ہیں یہی کہنے کو وہ بھی اور کیا کہنے کو ہیں اور جب مجھ سے کوئی اعراض کرتا ہے اور میری روک ٹوک اور اصلاح پر ناگواری ہوتی ہے تو یہ پڑھا کرتا ہوں ۔ ہاں وہ نہیں وفا پرست جاؤ وہ بے وفا سہی جس کو ہو جان و دل عزیز اس کی گلی میں جائے کیوں اور اس برا بھلا سب و شتم اور لعن طعن کرنے پر یہ پڑھا کرتا ہوں ۔ دوست کرتے ہیں شکایت غیر کرتے ہیں گلہ کیا قیامت ہے مجھی کو سب برا کہنے کو ہیں