ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
26 جمادی الاولی 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم چہارم شنبہ (1) تہجد کے وقت آنکھ کھلنے کی تدبیر ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت تہجد کے وقت آنکھ نہیں کھلتی اس کا کوئی علاج فرمائیں ۔ فرمایا کہ یہ تدابیر زیادہ مؤثر ہیں ۔ عشاء کی نماز کے بعد فورا سو جانا چاہئے ۔ پیٹ بھر کر نہ کھایا جاوے ۔ ذرا کم کھا لیا جاوے ۔ کھانا سویرے کھایا جاوے تاکہ ہضم ہو جائے اس کی گرانی اور کسل باقی نہ رہے ۔ پانی پیا تو جاوے پیاس کو نہ روکا جاوے ۔ اس میں تکلیف ہو گی مگر زیادہ نہ پیا جاوے ان شاء اللہ تعالی وقت پر آنکھ کھل جائے گی اب اٹھنا اپنی ہمت پر موقوف ہے ( 2) صلوۃ اللیل اور تہجد میں فرق ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اس کی تحقیق یہ ہے کہ ایک نو صلوۃ اللیل ہے اور ایک تہجد ہے ۔ صلوۃ اللیل عشاء قبل از نوم ہے اور تہجد بعد النوم ہے ان کی ایک مشترک فضیلت ہے اور ایک خاص فضیلت تہجد کی ہے ۔ مگر صلوۃ اللیل قائم مقام تہجد کے ہو جاتی ہے ۔ (3) تبویب تربیت السالک ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ تربیت السالک کی تبویب مولوی عبدالمجید صاحب پھرانوی نے چھپوا دی ہے 1350 ھ تک تربیت السالک کے دو حصے مختلف طور چھپے تھے ان کو ایک جگہ کر کے چھپوا دیا ہے ۔ بڑی ضخیم کتاب ہو گئی ہے اور بہت نافع ۔ لیکن طبیب ہی کے کام کی ہے مریض کے کام کی نہیں جیسے بہت سی طب کی کتابیں علاج الغرباء و غیرہ اردو میں چھپ گئی ہیں مگر ان سے غیر طبیب علاج نہیں کر سکتا ایسے ہی اس کو دیکھ کر شیخ نہیں بن سکتا اور نہ کسی کی اصلاح کر سکتا ہے جب تک فن میں مہارت نہ ہو مثلا یہ معلوم کرنا کہ صفراء غالب ہے یا سوداء برو دت بڑھی ہوئی ہے یا حرارت مریض میں قوت اس قدر ہے کہ مسہل کا تحمل کر لے گا یا نہیں ۔ یہ باتیں محض کتاب سے کیسے معلوم ہو سکتی ہیں ۔