ملفوظات حکیم الامت جلد 19 - یونیکوڈ |
لئے کہ حضورؐ کے اثر سے لوگوں کو بچائیں جتنے حجاج آتے تھے کثرت سے وہ تھے جو جانتے بھی نہ تھے حضورؐ کو ـ کیونکہ کوئی اشتہار نہ تھا مطبع نہ تھا ـ یہ مخالفین ان سے یوں کہتے کہ ایک شخص یہاں پیدا ہوئے ہیں ایسے ایسے ہیں ان سے بچنا لوگ نئی بات سن کر یوں کہتے کہ ان کو ضرور دیکھیں گے ـ اس طرح سے سینکڑوں آدمی ان مخالفوں نے مسلمان کر دئیے ـ حضورؐ جو کام کرنا چاہتے تھے وہ انہوں نے کر دیا ـ اسی طرح جب میں بلند شہر گیا ـ ( پھر وہاں جانے کو جی نہ چاہا ) مخالفین نے اعلان کر دیا کہ ان کے وعظ میں کوئی نہ جائے وہ خدا تعالی کو جھوٹا کہتے ہیں ـ مگر بہت لوگ آئے وجہ یہ ہوئی کہ لوگوں کا خیال ہوا کہ ایسا شخص وعظ کہے گا جو خدا کو چھوٹا کہتا ہے ایسے شخص کا وعظ تو ضرور سنا جائے ـ وعظ کے بعد جنہوں نے بہکایا تھا ان کو گالیاں دیتے ہوئے گئے ـ کتاب کا نام نرم رکھنا چاہئے چھیڑ چھاڑ کا نام اچھا نہیں میں نے اپنی کتابوں کے نام نرم رکھے ہیں ـ چھیڑ چھاڑ کا نام اچھا نہیں نام نرم رکھنا چاہئے کتاب کا ـ شاہ ولی اللہ صاحبؒ نے لکھا ہے کہ جس کتاب کو دیکھنا چاہو تو پہلے دیکھو کہ نام کیسا ہے اگر نام نا مناسب ہے تو کتاب مت دیکھو ـ پھر تمہید دیکھو اگر تمہید اچھی نہ ہو تو پھر بھی اس کو چھوڑ دو سخت نام رکھنے میں شریعت پر خشونت کا حرف آتا ہے ـ حالانکہ شریعت بڑی شفقت و رحمت کی چیز ہے ـ جیسے بعض کتابوں کے نام ہیں ـ ،، شریعت کا لٹھ ـ شریعت کا آرہ ـ واقعہ : حضرت نے ایک صاحب کو بعض باتیں ایک کتاب میں اضافہ کرنے کو بتلائی تھیں ـ انہوں نے اس وقت درج نہیں کیں ـ بہت عرصہ کے بعد شاید ان کے دوبارہ پوچھنے پر ان سے فرمایا کہ میں نے تو ہدایات شروع ہی میں بتلا دی تھیں تمہیں یاد نہیں رہا ـ اس پر فرمایا ـ ارشاد : کثیر المشاغل شخص کو ضرورت ہے کہ اس کے پاس یاد داشت کیلئے کوئی کتاب ہونی چاہئے ـ میں تو راتوں کو لالٹین روشن کر کے لکھتا ہوں میری جیب میں کتاب اور پنسل پڑی رہتی ہے ـ جہاں کوئی بات یاد آئی اور لکھ لیا پھر لیٹ گیا پھر یاد آئی پھر اٹھ کر لکھ لیا اس سے کام میں بہت آسانی ہوتی ہے ـ بعض روز اٹھا بیٹھی میں نیند بھی نہیں آتی اسی میں رہتا ہوں ـ آجکل کے مناظرے بے نتیجہ ہیں ارشاد : آجکل کے مناظرے بے نتیجہ ہیں ـ ایک دفعہ آریوں نے مسلمانوں پر اعتراض کیا اور مسئلہ تقدیر کا چھیڑا ـ اعتراض تو صاف تھا عام فہم اور جواب اس کا تھا دقیق وہ عوام کی سمجھ میں نہ آیا