ملفوظات حکیم الامت جلد 19 - یونیکوڈ |
خواجہ عزیز الحسن کی فال واقعہ : خواجہ عزیزالحسن صاحب نے عرض کیا کہ حضرت میرا ارادہ ہے کہ شعر کہنے سے بالکل توبہ کرلوں اورمیں نے اس کے متعلق فال دیکھی تھی تو یہ شعر نکلا تھا چند گوئی نظم ونثر راز فاش ٭ خواجہ یک روز امتحان کن گنگ باش اس پر فرمایا : ارشاد : یہ قصہ لکھ دیجئے اخیر میں رسالہ کے (یعنی الامداد کے جس میں خواجہ صاحب کے اشعار طبع ہوئے تھے یہ لکھ دینا ) اچھا ہے دوسروں کو نفع ہوگا ۔ مگر کہیں آپ فن نہ بھول جائیں یہ شاعری بھی ایک کمال ہے جس کا بھولنا ٹھیک نہیں (پھرخواجہ صاحب نے عرض کیا کہ میرا تو ارادہ ہے کہ پڑھنے سے بھی توبہ کروں گا اس پر فرمایا ) نہیں ایسا نہیں ۔ شعر پڑھنے سے جوش وخروش ہوتا ہے البتہ تصنیف میں شعر کے دماغ بہت صرف ہوتا ہے اگر اتنا دماغ اور کسی بات میں صرف ہو تو اچھا ہے ۔ بعض کا خیال کہ آجکل کی ایجادیں معجزہ ہیں اس کا رد ارشاد : آجکل ایجادوں کی نسبت ایک شخص یوں کہتے تھے کہ معجزے ہورہے ہیں یہ ان کی جہالت تھی معجزہ وہ ہے جو اسباب طبعیہ سے خارج ہو اور وہ نبی کے ساتھ خاص ہے کسب کو اس میں دخل نہیں ہے ۔ واقعہ : روشنائی بھرنے کا قلم حضرت نے ہاتھ میں اٹھا دیا اور ارشاد : فرمایا کہ اس کی قیمت بارہ روپے ہے اس میں تو بارہ روپے کے برابر وزن بھی نہیں ہے ۔ لوگ چاندی سونا وغیرہ بناتے ہیں اور کیمیا کی دھن میں رہتے ہیں یہ کیوں نہ بنائیں ۔ واقعہ : ایک شخص نے کہا کہ فلاں شخص کو کیمیا کی بہت لت ہے اوریوں کہتے ہیں کہ اگر روپیہ ہوگیا تو علماء کی خدمت کریں گے ۔ ارشاد : یہ جب ہی تک ہے کہ کیمیا بنانی نہیں آتی ۔ جب بنانی آجائے گی تو پھر اس راستہ کو بھی نہ چلیں گے ۔ واقعہ : ایک جگہ کی نسبت ایک شخص نے بیان کیا کہ یہاں کی جامع مسجد میں ایک امام تھے کہ وہ قرآن بھی اچھی طرح پڑھنا نہیں جانتے تھے ۔ مگر تنخواہ ان کی مبلغ ساٹھ روپیہ ماہوار تھی وجہ اس کی یہ