ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
افسوس نہ ہوگا - سوال ( 37 ) قلب پر منجانب اللہ حضرت ولا کی ذات بابرکات کے متعلق یہ بات آتی ہے کہ حضور اقدس راہ سلوک کے عظیم الشان سالک ہیں - جواب - محبت کی رنگین عینک ہے اس لئے کبھی دوسری بے رنگ چیز رنگین نظر آنے لگتی ہے - سوال ( 38 ) غیر عورت کی طرف نظر بہت اٹھتی ہے اور دل میں طرح طرح کا خیال پیدا ہوتا ہے گو زبان سے کچھ نہیں کہہ سکتا کیونکہ شرعا حرام ہے طبیعت پر بہت ملال ہوتا ہے اس فعل سے دل متنفر ہوجائے تو بہتر ہے - جواب - عبد تنفر کا مکلف ہے یا کف کا - بقیہ سوال - حضرت ! قلب کے جاری ہونے اور اس کی اصل سے جہاں تک میری مراد کا تعلق ہے وہ یہ ہے میرے قلب میں سے حضرت کی دعا اور اس واقعہ کے بعد سے اللہ ہو اللہ کی صدا نکلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے اور یہ اواز کسی کام میں مشغول رہتا ہوں تو بھی نکلتی رہتی ہے - جواب - یہ اصل ہی بے اصل ہے - بقیہ سوال - اور باقی مطلوب ہونا میرے دانست میں یہی مقصود حیات ہے بس اسی کا ذکر کرنا چاہتا ہوں جس نے مجھے پیدا کیا امید ہے کہ ذکر اللہ میں دوام پیدا کرنے اور غفلت سے بچنے کے لئے صورتیں بتلا کر ممنون فرمائیں گے - جواب - خلط کردیا گیا جریان اصطلاحی اور چیز ہے اور دوام ذکر اور چیز ہے - سوال ( 39 ) حضور عالی کی توجہ فرمانی کی برکت سے اضطراب میں کمی ہے - خیالات فاسد اول تو کم آتے ہیں اگر آتے ہیں توبہ کوشش ان کو جلد دفع کرتا ہوں قلب کی نگرانی کا خاص خیال ہے لیکن جیسی محبت اللہ تعالیٰ سے اور حضور عالی سے ہونی چاہئے ویسی نہیں ہے اس کا بے حد ملال اور اضطراب ہے - جواب - یہ ملال اور اضطراب خود محبت کاملہ کی دلیل ہے ورنہ اس کی کمی پر اضطراب ہی کیوں ہوتا تو یہ عدم خاص وجود خاص پر دال ہے -