ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
صرف مکہ معظمہ حرم ہے بس اور نجدیوں کے نزدیک مدینہ منورہ بھی حرم ہے پھر جو شخص سارے شہر کا احترام کرے گا کیا وہ روضہ شریف کا احترام نہ کرے گا ـ کیا وہ روضہ شریف کی بے حرمتی کر سکتا ہے ـ روزانہ کے اوسط خطوط : (330) ( بجواب سوال راقم الحروف کے ) فرمایا ـ ڈاک کے خطوط مختف تعداد میں آتے ہیں ہفتہ یا مہینے کے کبھی جوڑے نہیں گئے مگر میرا اندازہ پچیس تیس یومیہ کا اوسط ہے کبھی کبھی پنتالیس پچاس تک گنے گئے ہیں ـ الحمد للہ روز جواب لکھنے کی کوشش کرتا ہوں ورنہ بہت بار اور انبار ہو جاوے ـ عقیدہ کی خرابی : (331) فرمایا ـ ایک استفتا آیا ہے کہ قبرستان میں لنگی باندھ کر جانا جائز ہے ہے یا نہیں ؟ اور یہ نہ پوچھا کہ مسجد میں نماز کے واسطے لنگی باندھ کر جانا جائز ہے یا نہیں ـ اس سائل نے لنگی میں پردہ کم سمجھا تو اللہ میاں کے سامنے چاہے ننگے جائیں مگر قبرستان میں ننگے نہ جائیں یہ عقیدہ کی خرابی ہے ـ مراقبہ بعد الموت : (332) فرمایا ـ مراقبہ میں کوئی ہیئت خاص نہیں ہے ـ لیٹ کر بھی ہو سکتا ہے مگر اس میں اکثر غفلت ہو جاتی ہے ـ اور اسی سلسلہ میں یہ بھی فرمایا کہ اگر مراقبہ بعدالموت سے وحشت ہو تو چھوڑنا نہ چاہیے اس سے نفس ٹھیک ہو جاتا ہے ـ علاج کا یہی طریقہ ہے کہ اگر دوا کڑوی بھی ہو تو قہرا و جبرا پینا چاہیے