ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
مجتہدین پر اعتبار نہیں ۔ فرمایا اگر دوبارہ اس شخص نے لکھا کہ نہیں تو یا یہ جواب دوں گا کہ پھر مجھ پر کیسے اعتبار کیا اور ابو حنیفہؒ کو چھوڑا یا یہ لکھوں گا کہ اپنے کسی معتقد فیہ مولوی سے دریافت کر لو ۔ زیارت قبور کے لئے کیا قصد کرے قبور کی زیارت کا قصد اس واسطے کرے کہ موت یاد آتی ہے اور مردوں کو دعا سے فائدہ پہنچے گا ۔ حضرت امام اعظمؒ نے احادیث مختلفہ میں ترجیح ذوق سے دی فرمایا امام ابو حنیفہؒ کے نزدیک اصل یہ ہے کہ احادیث مختلفہ میں ایک حدیث کو ذوق سے اصل قرار دیتے ہیں ۔ یہ ذوق اجتہاد ہے اور باقی احادیث اس کی طرف راجح کرتے ہیں ۔ یا عواض پر محمول کرتے ہیں ۔ اسی طرح دوسرے حضرات بھی ذوق سے ترجیح دیتے ہیں ۔ ایک حدیث کو اصل قرار دیتے ہیں اور جہاں حنفیہ کی حدیث ضعیف ہو تو وہاں بھی کوئی حرج نہیں ۔ کیونکہ یہ کہا جائے گا کہ مجتہد نے جس حدیث سے تمسک کیا ہے وہ ممکن ہے کہ اور ہو اور قوی ہو کیونکہ مجتہد کا تمسک نشانی ہے قوت حدیث کی ۔ اور راوی میں اگر اختلاف ہو تو یہ کہا جائے گا کہ جو امام توثیق کرتا ہے اس نے شرعی قاعدہ سے کام لیا کہ حسن ظن کرو ۔ اور حدیث جس میں وہ متخلف فیہ ہوں کوئی احتمال ہمارے خلاف ہو تو کوئی حرج نہیں ۔ کیونکہ عقیدہ یہ ہے کہ دوسرے کا مذہب بھی احتمال صواب کا رکھتا ہے مجھ سے اگر کوئی طالب علم سوال کرتا تھا کہ اس حدیث میں دوسرا احتمال بھی ہو سکتا ہے تو میں کہہ دیتا ہوں کیا ہوا یہ مضر نہیں کیونکہ عقیدہ یہی ہے ۔ اہل نجوم کا کام فرمایا جلالین نے بروج کی تفسیر میں یہ غضب کیا کہ بروج کے معنی وہ ہیں جو اہل ہیئت کرتے ہیں ۔ پھر مزید بر آں نجوم کو بھی داخل کیا ۔ کیونکہ کواکب کو داخل ماننا یہ اہل نجوم کا کام ہے ۔