ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
حضرت مولانا انور شاہ صاحبؒ کی تقریر اور قضائے عبارت کا یہی محمل ہے ۔ اور فرمایا ، اسی طرح شتم الرسولؐ کہ نقض عہد کا سبب ذمی کے حق میں کیوں نہیں ؟ ( یعنی اگر اسلامی سلطنت میں کوئی کافر ( نعوذ باللہ ) نبی اکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخی کا ارتکاب کرے تو اس کو غداری کے جرم میں نہیں پکڑا جا ئے گا ) طبعی طور پر تو یہ بے غیرتی سی معلوم ہوتی ہے کہ ایک شخص ایسی حرکت کرتا پھرے اور پھر اس کو کچھ نہ کہا جائے ۔ پھر یہ خیال ہوا کہ ابو حنیفہؒ کو ہم سے زیادہ غیرت تھی ۔ پھر حق تعالی نے قلب میں ڈال دیا کہ مطلب یہ ہے کہ " شتم دو قسم پر ہے ۔ ایک بطریق تحقیق مذہب اور مناظرہ ۔ مثلا ذمی جب اپنے مذہب کی حقیقت بیان کرنے کے در پے ہو اور مناظرہ میں ہو تو اس وقت دیگر مذاہب پر رد کرے اور دوسرے مذاہب کو غلط ثابت کرے تو ایسے مقام پر " شتم ،، باعث نقص نہیں ۔ اور ایک شتم ہے بلا وجہ ۔ ایسے شتم سے نقض عہد ہو گا ۔ قرآن مجید سے بھی یہی سمجھ میں آتا ہے کہ نکثوا و طعنوا ۔ اور پھر اس کو شامی میں تلاش کیا تو یہی لکھا پایا ، تو بہت دل خوش ہوا ۔ یہ سب کار خانہ قدرت پر قائم ہے فرمایا ، پیلی بھیت میں ایک دفعہ جانا ہوا تو وہاں ایک بزرگ تھے جو بالک نا خواندہ تھے ۔ ان کی خدمت میں حاضر ہوا تو میں نے کہا کہ حضرت ! کوئی ایسی شے فرماویں جس سے حق تعالی کی محبت ہو جائے ۔ انہوں نے فرمایا کہ دونوں ہاتھ رگڑو ۔ میں نے تھوڑے رگڑے تو فرمایا کچھ گرمی بھی پیدا ہوئی ؟ میں نے کہا جی ہاں ! تو فرمایا بس ایسے ہی رگڑے جاؤ ۔ رگڑتے رگڑتے گرمی پیدا ہو جاتی ہے ۔ سبحان اللہ ! یہ حضرات انیباء کے مشابہ ہیں کہ نظری کو نہ صرف بد یہی بلکہ محسوس کرا کے بتلا دیا ۔ کتنا بڑا سوال تھا اور کس طرح سمجھایا ۔ انہی بزرگ کی نسبت فرمایا کہ یہ بزرگ ایک دفعہ کانپور تشریف لے گئے تو ہمارے مدرسہ میں بھی تشریف لائے ۔ میں نے عرض کیا کہ حضرت ! اور مدارس کا تو ظاہری کچھ آمدنی کا انتظام ہے مگر یہاں محض توکل پر معاملہ ہے اس لئے اس مدرسہ کیلئے دعا فرما ویں ۔ تو فرمایا کہ زمین کس چیز پر ہے ؟ میں نے کہا نصوص میں تو نہیں مگر ویسے مشہور ہے کہ بیل کے سینگ پر ہے اور بیل مچھلی پر اور مچھلی ہوا پر ۔ اور ہوا قدرت پر ۔ تو انہوں نے فرمایا کہ پھر یہ سب کار خانہ قدرت پر قائم