ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
میں لا کر ڈھیر کر دئیے گئے تو حضرت فاروق اعظم نے بار گاہ حق تعالی میں عرض کیا کہ یا اللہ آپ نے اپنے کلام پاک میں فرمایا ہے ۔ زین للناس حب الشھوات من النساء والبنین والقناطیر المقنطرۃ من الذھب والفضۃ یعنی ۔ لوگوں کے دلوں میں خواہشات نفسانی کی چیزیں ، عورتیں ، بچے ، سونے ، چاندی کے ڈھیر وغیرہ کی محبت ڈال دی گئی ہے ۔ اس لئے میں یہ دعا تو نہیں کرتا کہ یہ فطرت بدل دی جائے مگر یہ دعاء کرتا ہوں کہ ان چیزوں کی محبت آپ کے راستہ اور آپ کی رضا جوئی میں ہمارے لئے معین و مدد گار ہو جائے ۔ حضرتؒ نے اس واقعہ کو نقل کر کے فرمایا کہ اسی لئے ہمارے حضرت حاجی صاحب قدس سرہ فرمایا کرتے تھے کہ رذائل کا ازالہ مقصود نہیں ۔ امالہ مقصود ہے یعنی رذائل کے جذبات و داعی کو خیر و طاعت کی طرف مائل کر دینا مطلوب ہے اصل داعیہ کو زائل کرنا نہیں ۔ کیونکہ ملکات اور دواعی مثلا شہوات و غضب وغیرہ یہ اپنی ذات میں مذموم نہیں ۔ شہوات کو حلال میں صرف کیا جائے اور قوت غضب کو شیطان اور کفر کے مقابلہ میں خرچ کیا جائے تو یہی درجات عالیہ کا ذریعہ بن جاتی ہیں حضرت مولانا رومیؒ نے خوب فرمایا ؎ شہوت دنیا مثال گلخن ست کہ از و حمام تقوی روشن است ایک رومی بزرگ خلیل پاشا 77 : ارشاد فرمایا کہ مکہ معظمہ میں ایک رومی بزرگ خلیل پاشا نامی تھے ۔ پہلے ترکی سلطنت کی طرف سے ینبوع کے گورنر رہے ۔ پھر عہدہ چھوڑ کر درویشی اختیار کر لی ۔ ان کی درویشی کا بھی ایک خاص واقعہ یہ ہے کہ ان کے والد بڑے بزرگ ، اور کامل شیخ تھے ۔ مکہ مکرمہ میں مقیم تھے حضرت حاجی صاحب قدس سرہ کی خدمت میں کبھی کبھی حاضر ہوتے تھے ۔ ایک روز حضرت