ملفوظات حکیم الامت جلد 24 - یونیکوڈ |
حضرت کی تربیت و اصلاح کا خاص رنگ ایک صاحب جو پہلے کسی دوسرے شیخ کی تربیت میں تھے اور بہت شدید مجاہدات کی وجہ سے مثل مجنوں کے ہو گئے تھے ۔ حضرت کی خدمت میں حاضر ہوئے ۔ حضرت نے انکے حالات سننے کے بعد ان کے لئے مناسب حال دستوالعمل تجویذ فرما دیا ۔ وہ ایک روز کہنے لگے کہ میرے لطائف پہلے تاروں کی طرح چمکتے تھے اب یہ بات نہیں رہی آپ انہیں چکا دیجئے ۔ حضرت نے فرمایا کہ ضابطہ کا جواب تو یہ ہے کہ میرے لطائف خود نہیں چکمتے میں تمھارے کیسے چمکا دوں پھر فرمایا اور حقیقت یہ ہے کہ یہی چیزیں اس طریق میں رہزنی ہے جنکو لوگوں نے اس طریق کا مقصود بنا لیا ہے ۔ ہاں اگر کوئی شیخ کامل کسی کے لئے یہ تجویذ کرے تو میں اسکا انکار نہیں کرتا کہ یہ بھی مفید ہو سکتا ہے مگر جس شخص کے لئے اس کی مضرت ظاہر ہونے لگے ۔ شیخ کامل کا فرض ہے کہ اسکو چھڑا دے کیونکہ یہ چیزیں بھی حجاب ہیں مگر حجاب نورانی ۔ اور حضرت حاجی صاحبؒ فرماتے تھے حجاب نورانی بہ نسبت حجاب ظلمانی کے اشد ہوتے ہیں کیونکہ حجاب ظلمانی میں میلان اور کشش ہوتی ہے لوگ معتقد ہونے لگتے ہیں جو اس کے لئے رہزن طریق بن جاتے ہیں ۔ ( 6 جمادی الاولی 1354 ھ ) حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب کے مکاشفات ایک کشف جو بعینہ پورا ہوا ۔ حضرتؒ کے مکاشفات اور پیش گوئیاں بہت معروف ہیں جو بالکل واضح طور پر صادق ہیں آپ کی عادت بھی مکاشات کو چھپانے کی نہ تھی ۔ انگریزی حکومت کے انقلاب کے متعلق آپ کی یہ پیش کوئی عرضہ دراز سے معروف و مشہور تھی ( احقر جامع کے والد ماجد جو حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب کے شاگرد خاص تھے احقر نے ان سے بھی یہ پیش گوئی سنی تھی ) کہ انگریزی حکومت ایسے موسم میں بدلے گی جب لوگ کچے آموں کی چٹنی کھاتے ہونگے اور انقلاب ایسا اچانک ہو گا جیسے کوئی صف لپیٹ دی لوگ رات کو ایک حکومت میں سوئیں گے اور صبح کو دوسری حکومت میں اٹھیں گے ۔