ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
بیعت ہونے کیلئے ضرورت اعتقاد ملفوظ 80 ـ فرمایا حضرت حاجی صاحب کی بیوی صاحبہ حضرت خدیجہ نے مکہ معظمہ میں مولانا گنگوہی سے بیعت کی درخواست کی ـ انہوں نے فرمایا کہ حضرت حاجی صاحب کی موجودگی میں مجھ سے کیوں بیعت ہوتی ہو ـ فرمایا کہ مجھ کو ان سے اعتقاد نہیں ہے اور آپ سے ہے ـ آپ نے بیعت کرلیا ـ ضرورت فنائیت ملفوظ 81 ـ فرمایا جس درویش میں مٹنا نہ ہو اور فنا نہ ہو اس میں کچھ بھی نہیں ـ گو آسمان پر اڑتا ہوا اپنے بزرگوں کے سلسلہ میں فرمایا ہمارا تو منہ بھی اس قابل نہیں ہے کہ ان بزرگوں کا اس منہ سے نام لیں چہ جائے کہ اور کچھ کہنا اس سلسلہ میں ـ باپ کا ادب ملفوظ 82 ـ فرمایا کہ ابراہیم علیہ السلام کے والد صاحب کافر تھے ـ لیکن بار بار وہ قرآن پاک میں یا ابت یا ابت سے خطاب کرتے ہیں ورنہ ایک دفعہ کافی تھا ـ یہ بات کا ادب ہے جو باوجود کافر ہونے کے بھی ملحوظ رکھا گیا ہے ـ حضرت مولانا محمد قاسم صاحبؒ مغلوب الاخلاق تھے ملفوظ 83 ـ فرمایا حضرت حاجی صاحب اتنے بڑے شیخ تھے لیکن آپ کے بھتیجے معتقد نہ تھے - حضرت حاجی صاحب میں اگر کوئی نقص ہوتا تو مجھے یقین ہے کہ مولانا گنگوہیؒ کبھی ان کی خدمت میں حاضر نہ ہوتے بلکہ اعتراض کر دیتے ہاں مولانا قاسم صاحبؒ مغلوب الاخلاق تھے وہ ممکن ہے کہ کچھ تاویل فرما لیتے ـ حضرت حاجی صاحبؒ کی برکت ملفوظ 84 ـ فرمایا میں نے پڑھا اور پڑھایا پھر جب حاجی صاحب کی خدمت میں حاضر ہوا تو پہلے علوم میں اور واپسی کے بعد کے معلومات اور علوم میں بڑا فرق پایا ـ حالانکہ حضرت حاجی صاحب سے میں نے کتابیں نہیں پڑھیں بس برکت تھی ـ