ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 67 ( 91 ) ہر صالح مصلح نہیں ہوتا : ایک صاحب نے ایک پیر کی نسبت کہا کہ ان مدعی مشیخت میں اتباع شریعت نہیں ہے ۔ مولانا نے فرمایا کہ اگر اتباع شریعت بھی ہوتا تب بھی صرف اس سے مرتبہ مشیخت حاصل ہونا ثابت نہ ہوتا ، کیونکہ اس اتباع سے صرف صفت صلاح پیدا ہوتی ہے اور ہر صالح کے لئے مصلح ہونا ضروری نہیں ۔ دیکھئے تندرست تو دنیا میں بہت ہیں مگر سب طبیب نہیں ۔ پس یہ ضروری نہیں کہ جو نیک ہو وہ شیخ بھی ہو ۔ ( 92 ) اللہ تعالی دیکھ رہا ہے ! فرمایا کہ ایک شخص نے اپنے مریدوں کو رویت حق کا مراقبہ تعلیم کیا تھا ۔ ان لوگوں نے چند روز کے بعد عرض کیا کہ اس کی مشق ہو گئی ہے ، اب اور کچھ بتلائیے ۔ شیخ نے ایک روز امتحان کے لئے چند کبوتر منگوائے اور سب مریدوں کو ایک ایک کبوتر مع ایک چاقو کے جدا جدا خفیہ دیا اور کہا کہ جس جگہ کوئی نہ دیکھتا ہو وہاں ان کو ذبح کر کے لے آؤ ۔ سب مرید خوشی خوشی کبوتروں کو ذبح کر لائے بجز ایک مرید کے کہ بہت دیر میں آیا اور کبوتر کو زندہ واپس لے کر آیا اور کہنے لگا کہ مجھے تو کوئی جگہ ایسی نہیں ملی کہ جہاں کوئی نہ دیکھتا ہو ، کیونکہ خدا تعالی تو ہر جگہ دیکھتے ہیں ۔ شیخ نے تمام مریدوں کو ملامت کی اور کہا کہ ابھی اسی کی اور مشق کرو ۔ اور اس کو مبارک باد دی اور آگے بتلایا ۔ ( 93 ) اہل کمال میں امور اجتہادیہ میں اختلاف لازمی امر ہے : فرمایا کہ اہل کمال میں امور اجتہادیہ میں اختلاف ہونا لازمی امر ہے ۔ چنانچہ امام ابو حنیفہ اور صاحبین میں کیسا اختلاف ہے ۔ مگر یہ اختلاف محض اختلاف رائے تھا ۔ کوئی غرض نفسانی اس میں نہ تھی ۔ اسی وجہ سے ایک کو دوسرے سے