Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی ربیع الثانی 1431ھ

ہ رسالہ

13 - 17
***
مبصر کے قلم سے
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
یاد گار صالحین
تالیف: مولانا عبدالرحمن کوثر مدنی
صفحات:974 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ انوار طیبہ، کراچی
زیر تبصرہ کتاب حضرت مولانا مفتی محمد عاشق الہٰی بلند شہری رحمہ الله کی سوانح ہے، حضرت ہمارے دور کے مشہور علماء میں سے تھے ، مختلف موضوعات پر ان کی لکھی ہوئی کتابوں کو امت میں قبول عام حاصل ہوا ہے، ان کا مرتب کردہ مجموعہ احادیث”زادالطالبین“ دینی مدارس کے نصاب میں داخل ہے ، خواتین اسلام کے لیے ان کی لکھی ہوئی کتاب”تحفہ خواتین“ بھی بہت مقبول ہے زندگی کے آخر میں انہوں نے قرآن کریم کی تفسیر ”انوار البیان“ کے نام سے لکھی جس کا کئی زبانوں میں ترجمہ ہوا ہے۔
ان کے صاحبزادے مولانا عبدالرحمن کوثر نے زیر تبصرہ کتاب مرتب کی ہے ، جس میں حضرت کے حالات زندگی، علمی او رتصنیفی خدمات کا تعارف کرایا گیا ہے او رحضرت پر لکھے گئے معاصر اہل قلم علماء کے تاثرات کو جمع کیا گیا ہے ۔ کتاب کو بارہ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پہلا باب: ولادت سے حفظ قرآن تک، دوسرا باب: ابتدائی تعلیم عربی وفارسی سے دورہٴ حدیث تک، تیسراباب: فراغت سے ہجرت پاکستان تک، چوتھا باب: ہجرت پاکستان سے ہجرت مدینہ منورہ تک… پانچواں باب: ہجرت مدینہ منورہ سے تاوفات۔ چھٹاباب: اہم مضامین سے اقتباسات، ساتواں باب: زندگی کے آخری ایام۔ اٹھواں باب: ملفوظات۔ نواں باب: تالیفات۔ دسواں باب: متفرقات۔ گیارہواں باب: مبشرات۔ بارہواں باب: حضرات علمائے کرام ومشائخ عظام کے تاثرات…
کتابت کی طباعت واشاعت معیاری ہے البتہ کمپوزنگ کا فونٹ سائز بڑا رکھا گیا ہے، فونٹ سائز چھوٹا کیا جائے تو اس کے صفحات کافی کم ہو سکتے ہیں۔
شمائل کبری
تالیف: مفتی محمد ارشاد قاسمی صاحب
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی
اس سے پہلے اس کالم میں ، اس کتاب کی ابتدائی جلدوں پر تبصرہ آچکا ہے، اس وقت ہمارے سامنے اس کی دو جلدیں مزید آگئی ہیں ، گیارہویں اور بارہویں جلد…
مؤلف کتاب مولانا مفتی محمد ارشاد بھاگلپوری لکھتے ہیں:
”مولائے کریم کا بے انتہا فضل وکرم اور بے بایاں نوازش واحسان کہ اس کی دس جلدیں میں طبع ہو کر مقبول امت ہو چکی ہیں، اب اس سلسلہ شمائل کی گیارہویں جلد پیش خدمت ہے ،اس جلد میں نکاح اور اس کے تمام متعلقات، طلاق اور اس کے متعلق تمام امور، ازدواجی زندگی کے باہمی حقوق، عورت کی معاشرتی زندگی سے متعلق تمام باتیں، ازواج مطہرات کی تفصیل اور پابندیوں کا ذکر، اس کے علاوہ قسم ، حدود ، سزا شرعیہ، اضحیہ، عقیقہ سے وابستہ33 آپ کے پاکیزہ شمائل اور طریق وتعلیمات کو نہایت ہی بسط وتفصیل سے مستند حوالوں کے ساتھ بیان کیا گیا ہے …“
یہ جلد462 صفحات پر مشتمل ہے، پانچویں جلد حج وعمرہ سے متعلق ہے اور اس میں حج وعمرہ سے متعلق سرور دو عالم صلی الله علیہ وسلم کی احادیث اور سنتوں کو نہایت ہی تفصیل کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے، اس جلد کے صفحات548 ہیں۔
یہ دونوں جلدیں مضبوط جلد بندی کے ساتھ ہلکے کاغذ میں چھپی ہیں۔
معارف مفتی اعظم
مرتب: سید محمد اکبر شاہ بخاری صاحب
صفحات:538 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی
اس کتاب میں مؤلف نے مفتی اعظم پاکستان، حضرت مفتی محمد شفیع  کی تحریروں، کتابوں اور مقالات سے مختلف موضوعات سے متعلق علمی، ادبی اور اصلاحی نکات وافادات او رمعارف کو جمع کیا ہے اور اس کو ایک علمی گلدستہ کے طور پر سجایا ہے جس میں کسی خاص موضوع اور ترتیب کی ضرورت نہیں ہوتی کتاب کی طباعت واشاعت اور کاغذ درمیانے درجے کے ہیں۔
شرح العقیدة الطحاویہ
تالیف: مفتی احسان الله شائق صاحب
صفحات:228 سائز:23x36=16
ناشر: دارالاشاعت اردو بازار ، کراچی
مشہور محدث اور امام، امام طحاوی رحمہ الله نے اہل سنت والجماعت کے عقائد کو ایک رسالہ میں جمع کیا ہے جو امت میں ” عقیدہ طحاویہ“ کے نام سے مشہور ومتداول ہے… مفتی احسان الله شائق صاحب نے اس کا اردو میں ترجمہ اور شرح لکھی ہے ، سرورق پر یوں تعارف کرایا گیا ہے۔
” اردو زبان میں عقیدہ طحاویہ کی پہلی بے نظیر شرح، مکمل ترجمہ ، تشریح اور حل لغات کے ساتھ ساتھ اہل سنت والجماعت کے عقاید کو قرآن وحدیث کے دلائل کے ساتھ مزین کیا گیا ہے۔“
کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔
الھادی إلی حل السراجی
مؤلف: مفتی محمد سردار ولی
ناشر: مکتبہ العلوم ، سلام کتب مارکیٹ بنوری ٹاؤن کراچی
علم میراث میں سراجی بہت مشہور کتاب ہے اور ہمارے ہاں صدیوں سے داخل نصاب ہے ، زیر نظر کتاب اس کی نئی اردو شرح ہے ، شرح کا تعارف یوں کرایا گیا ہے:
” عبارت پر اعراب ، عبارت کا سلیس اور عام فہم ترجمہ، مختصر مگر جامع تشریح، سراجی کی مشہور شرح، شریفیہ او رمختلف کتب فرائض وفتاوی سے استفادہ کیا گیا ہے او رجگہ جگہ حوالے بھی دیے گئے ہیں،مشکل عبارت کو سہل انداز میں حل کیا گیا ہے ، ذوالفروض کے احوال وجہ حصر جدول کی شکل میں لکھے گئے، تاکہ فہم میں آسانی رہے اور ہر مسئلہ کا حل بھی لکھ دیا گیا ہے۔“
کتاب کی طباعت واشاعت اور کاغذ درمیانے درجے کے ہیں۔
عظیم ماؤں کی عظیم اولاد یں
ترتیب: اہلیہ محمد حسین صدیقی صاحب
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی
بچوں کی تعلیم وتربیت میں ماں کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے، اگر مائیں یہ طے کر لیں کہ وہ ایک ملت ساز دینی قوم دینی معاشرے کی تعمیر کریں گی تو ایسا معاشرہ وجود میں آسکتا ہے، اس کتاب میں ماؤں کے لیے بچوں کی تربیت کی مکمل رہنمائی کی گئی ہے اور چند ایسی عظیم ماؤں کا تذکرہ کیا گیا ہے ، جنہوں نے اپنی اولاد کی تربیت کرکے انہیں ملک وملت کے لیے مفید وکار آمد بنایا ہے، مفکر اسلام مولانا ابوالحسن علی ندوی رحمة الله علیہ کی والدہ محترمہ کا انداز تربیت اور ان کی نصائح اور خواتین کے لیے ان کے رہنما اصول کو بطور خاص کتاب میں شامل کیا گیا ہے۔
166 صفحات کی اس کتاب کو زمزم پبلشرز نے غیر مجلد شائع کیا ہے۔

Flag Counter