Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی رجب المرجب 1430ھ

ہ رسالہ

14 - 18
***
مبصر کے قلم سے
تبصرہ کے لئے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لئے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)
مطالعہ قرآن وحدیث
تالیف محمد صدیق میمن
ناشر: ادارہٴ مطبوعات اسلامیہ، گلش معمار، کراچی
اس کتاب میں جناب محمد صدیق میمن صاحب نے بذعم خود قرآن وحدیث سے متعلق اپنا مطالعہ پیش کیا ہے ، یہ مطالعہ انہوں نے کسی مستند عالم یا شیخ کی رہنمائی یا کسی استاذ کی تعلیم وتربیت کی روشنی میں نہیں کیا ، بس دل ودماغ میں جو خیالات آتے گئے، وہ تحریر کرتے گئے، ان میں سے بہت سے خیالات کا تعلق نہ قرآن سے ہے نہ حدیث سے ، نہ سلف صالحین کے اقوال سے … کتاب کے ایک بڑے حصے میں حضرات فقہاء کرام کے جو فتاوی مؤلف کو سمجھ میں نہیں آئے، ان پر تنقید کی ہے ، طنز کیا ہے اور انہیں ”لہوالحدیث“ قرار دیا۔ لکھتے ہیں:
” یہاں ایک بات کی وضاحت ضروری ہے کہ ان فتووں کو نقل کرنے والے صاحب بہشتی زیور نے ان خرافات کی تحقیق اس لیے نہیں کی کہ وہ حنفی مقلد تھے، جب کہ مقلد محقق نہیں ہو سکتا، انہوں نے جو کچھ بھی نقل کیا ہے ، فقہ کے دفتر سے نقل کیا ہے ، فرق یہ تھا کہ پہلے یہ ”لہوالحدیث“ کے انبار عربی زبان میں تھے ، اس انبار کو ہندوستان میں پہلی بار مشرف بہ اردو کرنے والے اشرف علی تھانوی ہی تھے ، تاکہ برصغیر کے مسلمان بھی ان قیمتی نوادرات سے استفادہ حاصل کرسکیں“۔ 
مرتب کتاب چوں کہ مقلد نہیں ، بلکہ اپنے زعم کے مطابق محقق ہیں ، اس لیے انہوں نے پور ی کتاب میں اسی طرح کی تحقیقات پیش کی ہیں، ان کا اصرار ہے کہ ساری امت ”جماعت المسلمین“ میں شامل ہو جائے، ان کے پاس امت کے لیے یہی نسخہ شفا ہے، اس طرح امت کے درد کا درماں ہو جائے گا، اس کتاب کے دو حصے ہیں، حصہ اول کے صفحات216 اور حصہ دوم کے صفحات216 ہیں ، سائز20x30=8 یہ دونوں حصے غیر مجلد خراب کاغذ میں چھپے ہیں۔
امہات المؤمنین اور مودودی کے الزامات
تالیف: مولانا بشیر احمد حصاروی
صفحات:238 سائز:23x36=16
ناشر: حامد اکیڈمی، میاں ٹاؤن، رحیم یار خان، صوبہ پنجاب
جیساکہ نام سے ظاہر ہے، اس کتاب میں مولانا بشیر احمد حصاروی صاحب نے مودودی صاحب کے ان نامناسب جملوں اور باتوں پر گرفت کی ہے جو انہوں نے امہات المؤمنین حضرات ازواج مطہرات کے بارے میں لکھی ہیں ، اس ضمن میں انہوں نے حضرات ازواج مطہرات کے فضائل بھی تحریر کیے ہیں اور قرآن کریم میں ازواج مطہرات سے متعلق جو تنبیہات آئی ہیں ان کی حقیقت کی بھی وضاحت کی ہے۔
کتاب کی طباعت اور اشاعت درمیانے درجے کی ہے اور پروف کی غلطیاں رہ گئی ہیں۔
درود وسلام پر مفصل گفتگو
76 صفحات کے اس رسالے میں جناب محمد جاوید عثمان میمن صاحب نے قرآن کریم کی آیت ” ان الله وملائکتہ یصلون علی النبی…“کی تفسیر وتشریح کی ہے ، درود شریف کی فضیلت بیان کی ہے اور بعض بزرگوں کے نعتیہ اشعار بھی شامل کیے گئے ہیں ، یہ رسالہ مکتبہ النور، پوسٹ بکس نمبر13012 کراچی سے شائع ہوا ہے۔
احمد ہے نام ان کا
تالیف: عبدالواحد
صفحات:140 سائز:23x36=8
ناشر: مکتبہ سعد بن ابی وقاص، اخترکالونی، کراچی
زیر نظر کتاب میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی ذات اقدس کے لیے جس طرح لفظ ”محمد“ذاتی نام کے طور پر استعمال ہوا ہے ، اسی طرح ”احمد“ بھی آپ کے ذاتی نام کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔
مرزا بشیر الدین نے قادیانیت کی ترویج واشاعت کے لیے اسلام کے خلاف جہاں بہت سی غلط فہمیاں پیدا کی ہیں، ان میں ایک غلط فہمی یہ بھی پھیلائی ہے کہ ”احمد“ آپ کا اسم گرامی نہیں ہے ، بلکہ صفت ہے ، مؤلف نے اس کتاب میں مرزا کے اس انحراف اور غلطی کی قرآن وسنت اور ائمہ سلف کے اقوال کی روشنی میں مدلل تردید کی ہے ۔ کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ غیر مجلد چھپی ہے۔
عشرین لابی حنیفہ
70 صفحات کے اس رسالے میں ایسی تئیس احادیث جمع کی گئی ہیں جو امام اعظم، امام ابوحنیفہ نے براہ راست رسول اکرم صلی الله علیہ وسلم سے نقل فرمائی ہیں، مرتب نے سب سے پہلے حدیث ذکر کی ہے، پھر اس کا ترجمہ کیا ہے اس کے بعد تشریح اور وضاحت کی ہے ، حدیث جن کتابوں سے لی گئی ہے ، ان کاحوالہ بھی جلد صفحات نمبر کے ساتھ دیا گیا ہے۔ یہ رسالہ پبلیکشنز، رحمان پلازہ، اردو بازار لاہور نے چھاپاہے۔

Flag Counter