Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی رجب المرجب۱۴۳۰ھ - جولائی ۲۰۰۹ء

ہ رسالہ

2 - 11
متاثرین سوات کے لئے جامعہ کی خدمات !
متاثرین سوات کے لئے جامعہ کی خدمات

سوات اور بو نیر میں جاری آپریشن اور کشیدگی کی بناپر نقل مکانی پرمجبور لوگ یوں تو ملک کے مختلف شہروں میں اقامت پذیر ہیں، مگر سب سے زیادہ مردان ،نوشہرہ اور صوابی میں اقامت پذیر ہیں، وہاں کے لوگوں نے انصار مدینہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کو اپنے گھروں اور حجروں میں ٹھہرایا اور اپنے وسائل کے مطابق ان کی ہر نوع امداد اور داد رسی کی۔
کچھ لوگوں کو بعض سرکاری عمارتوں سکول و کالجز و غیرہ میں ٹھہرایا گیا، جبکہ کثیر تعداداب بھی عارضی خیمہ بستیوں میں اپنی بے کسی اورکسمپرسی میں وقت گزاررہی ہے۔
اپنے ہی وطن میں اپنوں کے ہاتھوں بے گھر ہونے والے ان مسلمان بہن بھائیوں، بزرگوں اور بچوں کی کسمپرسی کی صدائیں میڈیا کے ذریعہ ہر مسلمان بالخصوص اہل پاکستان کے ضمیر کودستک دے رہی ہیں، اور الحمد للہ! اہل پاکستان، بالخصوص اہل کراچی ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی اپنے مصیبت زدہ مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے فکر مند ہوئے اور متاثرین آپریشن کے لئے تعاون کرنا چاہا، ادھر علمائے کرام بھی اس معاملے میں صورتحال کی سنگینی کے علاوہ حسب سابق اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ تعاون کے لئے غور و خوض کرہی رہے تھے کہ اسی اثناء میں صوبہ سرحد سے وفاق المدارس العربیہ کے ایک مسئول مولانا عبدالاول صاحب نے جامعہ کے مہتمم حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب اور دیگربزرگ اساتذہ کرام کو متاثرین کی دگر گوں صورت حال کی روئیداد ،بڑے دردناک انداز میں بیان کی، جس سے متاثرین کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ سامنے آیا، چنانچہ حضرت ڈاکٹر صاحب نے دیگر اساتذہ کی مشاورت سے تعاون کا ایک نظم طے فرمایا اور جامعہ کے مخلصین کو اس کار خیر میں حصہ لینے کے لئے متوجہ فرمایا ، ان مخلصین نے ماشاء اللہ اس انداز سے تعاون کیا گویا وہ اپنے ہی گھراوراپنے بھائیوں کی خدمت کررہے ہیں۔الحمد للہ یہ حقیقت قابل صد شکر ہے کہ ہمارے مخلصین کو جہاں اللہ تعالیٰ نے کار خیر میں حصہ لینے کی توفیق سے نوازا ہے۔ وہاں ان کاسب سے زیادہ اعتماد اپنے علماء کرام اور اہل مدارس پر ہوتا ہے۔
جامعہ کی طرف سے متاثرین کے لئے کی گئی اپیل پر جمع شدہ تعاون مختلف صورتوں میں متاثرین تک پہنچانے کے لئے جامعہ کی طرف سے استاذحدیث حضرت مولانا امداد اللہ صاحب اور مولانا مفتی محمد عاصم زکی صاحب کا جانا طے ہوا، ان کے ہمراہ جامعہ کے ایک مخلص جناب بھائی جنید صاحب بھی شریک سفر رہے ، یہ سفر دو مرتبہ ہوا، ان حضرات نے متاثرین کی اقامت گاہوں کا پوری طرح جائزہ لیا اور اپنی موجودگی میں بہترین مثالی نظم کے ساتھ متاثرین تک باوقار طریقے سے تعاون پہنچایا اور ان حضرات نے مندرجہ ذیل علاقوں میں مقیم لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور ان تک تعاون پہنچایا۔ مردان شہراور اس کے مضافات ،میاں خان، سنگاوٴ، شموزئی ،غونڈو، متہ ، لانڈی شاہ،کاٹلنگ، انذرگئی، جمال گڑھی، بابوزئی، پلیٴ، کہوٹی برمول، پیپل ، سیرے ڈِھیری، لکیانی، غازی، غالہ، ساولڈھیر،عمر آباد، قاضی آباد دار العلوم سیدو، اسماعیلہ، مایار، طورو، گدر، بخشالی، شاہ منصورضلع صوابی بارہ بانڈہ اور لوکو موٹو فیکٹری، نوشہرہ مصری بانڈہ اکوڑہ خٹک،علاوہ ازیں ہری پور، مانسہرہ وغیرہ میں مقیم ایک سو سے زائد خاندانوں کے ساتھ بھی تعاون کیا گیا۔
ان علاقوں میں مقیم متاثرین کو ریکارڈ کے مطابق ابتدائی تعاون کے طورپر ہر خاندان کو جو سامان پہنچایا گیا، اس میں۲۰/ کلو آٹا…۵ /کلو گھی…۳/کلو چاول…۲/کلو لوبیا…۲-کلو دالیں… ۲/ کلو چینی…۳/ کلو دودھ…آدھا کلو چائے(پتی)… کپڑے (سلے اور ان سلے)اس مقدار اور ترتیب سے تقریباً ساڑھے گیارہ ہزار خاندانوں کی خدمت کی گئی۔
اس کے علاوہ تقریبا دوہزار خاندانوں میں نقد رقم بھی تقسیم کی گئی، نیز ادویات کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ۔اور جامعہ کی طرف سے باقاعدہ ایک ڈاکٹر جامعہ کے استاد جناب ڈاکٹر فراز عاصم صاحب کی باقاعدہ تشکیل ہوئی اور انہوں نے مختلف علاقوں میں مقیم متاثرین کا طبی معائنہ کیا اور بھر پور طریقے سے اپنی خدمات پیش کیں۔
اسی طرح ملک کے دوسرے شہروں میں اقامت پذیر اور بعض سفید پوش متاثرین لوگوں کے ساتھ بھی خصوصی تعاون کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ تمام مخیر حضرات کے جانی و مالی تعاون کو قبل فرمائے ، علماء کرام کی مساعی جمیلہ کو شرف قبولیت سے نوازے ، ہمارے جو احباب تعاون کرنا چاہیں وہ مد کی تصریح کے ساتھ جامعہ میں رقم بھجواسکتے ہیں۔ مندرجہ ذیل نمبرات پر رابطہ بھی فرما سکتے ہیں۔
021-4913570 021-4123366 021-4121152
اشاعت ۲۰۰۹ ماہنامہ بینات , رجب المرجب۱۴۳۰ھ - جولائی ۲۰۰۹ء, جلد 72, شمارہ 7

    پچھلا مضمون: افسوس ناک ملکی صورت حال کا پس منظر مولانا محمد امین اورکزئی اور ڈاکٹر سرفراز نعیمی کی شہادت !
Flag Counter