Deobandi Books

ماہنامہ الابرار مارچ 2010

ہ رسالہ

15 - 15
خانقاہ اور جامعہ کے شب و روز
ایف جے،وائی(March 17, 2010)

مولانا ارشاد اعظم صاحب
ناظم تعلیمات جامعہ اشرف المدارس کراچی۔

جامع مسجد اشرف میں قرآن کریم کے درس کا آغاز

بحمداﷲ جامعہ اشرف المدارس کراچی کی جامع مسجد اشرف میں درس قرآن کریم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ان شاءاﷲ تعالیٰ ہر اتوار کو بعد نماز عصر جامعہ کے استاد حضرت مولانا مفتی غلام محمد صاحب مدظلہم جو کہ جامعہ میں ایک عرصہ سے قرآن کریم کے ترجمہ و تفسیر کے حوالہ سے مختلف اسباق پڑھا رہے ہیں قرآن کریم کا درس دیا کریں گے۔ افتتاح نشست میں جامعہ کے مہتمم حضرت مولانا حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم نے قرآن کریم کی آیت : افمن شرح اﷲ صدرہ للاسلام فہو علی نور من ربہ الآیة (الذمر :۲۲)

ترجمہ: بھلا کیا وہ شخص جس کا سینہ اﷲ نے اسلام کے لیے کھول دیا ہے جس کے نتیجہ میں وہ اپنے پروردگار کی عطا کی ہوئی روشنی میں آچکا ہے سنگ دلوں کے برابر ہوسکتا ہے۔

کے حوالہ سے بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرام رضی اﷲ تعالیٰ عنہم باوجودیہ کہ اہل زبان تھے، عربی زبان سے بخوبی واقف تھے مگر انہیں بھی اسلام کے لیے سینہ کھل جانے کے مفہوم اور اس کی علامات کو سمجھنے کے لیے بارگاہ نبوت میں حاضر ہونا پڑا، اس سے وہ حضرات سن لیں جو محض عربی دانی کے بل بوتے پر بلکہ اس سے بھی آگے بڑھ کر اردو کے چند ترجمے دیکھ کر تفسیر قرآن کریم کی جرات کرنے لگتے ہیں، بعد ازاں حضرت مہتمم صاحب نے درس قرآن کریم کی اہمیت اور برکات کے حوالہ سے کچھ باتیں ارشاد فرمائیں اور آخر میں تمام حضرات کو اس بات کی تاکید فرمائی کہ وہ خوب اہتمام سے اس میں شریک ہوں ۔

جامعہ میں علماءو مشایخ کی آمد

جامعہ میں اندرون و بیرون ملک سے حضرات علمائے کرام و مشایخ عظام تشریف لاتے رہتے ہیں اور الحمدﷲ یہ مبارک سلسلہ سالہا سال سے جاری ہے، رواں مہینے میں حضرت مولانا مفتی محمد حسن امرتسریؒ کے صاحبزادے حضرت مولانا فضل الرحیم اشرفی صاحب مدظلہم جو کہ جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم ہیں، جامعہ اصحاب الصفہ کے مہتمم حضرت جناب مولانا عزیز الرحمن ہزاروی صاحب مدظلہم تشریف لائے، حضرت ہزاروی صاحب کا طلباءسے مختصر خطاب بھی ہوا جس میں انہوں نے طلباءکو حضرت والا عارف باﷲ مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے قرب کے حوالہ سے حد درجے خوش نصیب قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ حضرت والا سے خوب خوب استفادہ کیا جائے، اور حضرت والا سے اپنی گہری دلی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ میں جب بھی کراچی آتا ہوں حضرت والا کی خدمت میں حاضری دیتا ہوں، اور حضرت والا دامت برکاتہم کے لیے روزانہ دعائیں کرتا ہوں۔ اور آخر میں انہوں نے ملک کے مخدوش حالات کے پیش نظر طلباءپر زور دیا کہ وہ درود تنجینا کا اہتمام کریں۔

حضرت مہتمم صاحب کے اسفار

گذشتہ دنوں جامعہ کے مہتمم حضرت مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب ہالا اور نوکوٹ تشریف لے گئے تھے، جامعہ کے تخصص فی الحدیث کے طلباءبھی حضرت کے ہمراہ تھے۔ ہالا اور نوکوٹ دونوں جگہوں میں حضرت کے اصلاحی بیانات ہوئے جس سے حاضرین نے خوب نفع محسوس کیا۔

مولانا ابوبکر صاحب کو صدمہ

جامعہ کے استاد حضرت مولانا ابوبکر صاحب کی والدہ جو کہ حضرت والا دامت برکاتہم کے خلیفہ جناب حافظ حبیب اﷲ صاحب کی خوش دامن تھیں، کا پچھلے دنوں انتقال ہوگیا، اناﷲ و انا الیہ راجعون، مرحومہ ایک طویل عرصے سے کینسر کی مریضہ تھیں، قارئین سے ان کی کامل مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعاﺅں کی درخواست ہے۔

دعائے صحت

حضرت اقدس عارف باﷲ حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب دامت برکاتہم و عمت فیوضہم کی طبیعت گذشتہ دنوں کافی ناساز ہوگئی تھی۔ دل کی رفتار بھی متاثر تھی اور بلڈپریشر بھی معمول پر نہیں تھا، حضرت کے معالج قدیم ہارٹ ا سپیشلسٹ ڈاکٹر ایوب صاحب، ڈاکٹر امان اﷲ صاحب اور ٹبہ ہسپتال کے ڈاکٹر خورشید صاحب اور آغا خان ہسپتال کے ماہر امراض سینہ ڈاکٹر عرفان صاحب نے بہت توجہ اور انہماک سے علاج کیا اور الحمدﷲ حق تعالیٰ کے فضل سے حضرت والا کی طبیعت بحال ہوگئی۔ الحمدﷲ الذی بنعمتہ تتم الصالحات۔ قارئین سے گذارش ہے کہ وہ حضرت والا کی مزید صحت و توانائی اور عافیت تامہ درازی عمر کے لیے خوب خوب دعائیں کریں۔ اور اگر موقع ہو تو دو‘ دو رکعت صلوة الحاجت کا بھی اہتمام فرمائیں۔

خانقاہ میں مہمانوں کی آمد

ان دنوں خانقاہ میں حضرت مولانا جلیل احمد اخون صاحب (بہاول نگر) ‘ ڈاکٹر عبدالمقیم صاحب (لاہور) جناب ابراہیم ‘ اسمعیل صاحب (جنوبی افریقہ) اور جناب محمود آکوجی صاحب (میانمار برما) بغرض اصلاح تشریف لائے ہوئے ہیں۔ اﷲ تعالیٰ ان حضرات کی حاضری کو قبول فرمائیں اور ہم سب کو حضرت والا کی سچی قدر دانی نصیب فرمائیں۔
Flag Counter