ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 81 ( 11 ) اللہ تعالی کے مقابلہ میں حاکم کا زیادہ خوف طبعی ہے : ارشاد فرمایا کہ ایک شخص نے شبہ لکھا تھا کہ میں حاکم مجازی کے سامنے بہت ڈرتا ہوں اور اللہ تعالی سے اتنا خوف نہیں معلوم ہوتا ۔ اس سے شبہ ضعف ایمان کا ہوتا ہے ۔ میں نے اس کا جواب لکھا تھا کہ یہ خوف طبعی ہے جس کا مدار مشاہدہ ہے تو حاکم مجازی کا زیادہ خوف بوجہ مشاہدے کے ہے اور اللہ تعالی کا چونکہ مشاہدہ نہیں اس لئے زیادہ خوف نہیں معلوم ہوتا مگر انسان اس کا مکلف نہیں ۔ وہ خوف عقلی ہے جو سب سے زیادہ خدائے تعالی ہی کا ہے ۔ اس لئے شبہ ضعف ایمان کا نہ کرنا چاہئے ۔ ( 12 ) مزاروں پر پھول چڑھانا عبث ہے : ارشاد فرمایا کہ ایک صوفی غیر متشرع الہ آباد کے میرے پاس گنگوہ میں آئے اور پھولوں کا ایک ہار مجھے دے کر کہا کہ آج ایک باغ میں سے پھول لایا تھا کچھ تو حضرت شاہ عبدالقدوس صاحب کے ہاں چڑھائے اور کچھ اس میں کا بچا ہوا تمہارے پاس لے آیا ۔ میں نے ان سے ان کے مذاق کے موافق کہا کہ اگر کوئی شخص نہایت لطیف المزاج اسی روپیہ تولہ کا عطر لگاتا ہو اور آپ اس کے پاس بالکل معمولی اور خراب چار آنہ تولہ کا عطر لے جا کر اس کے کپڑوں میں لگا دیں تو کیا اس کو ناگوار نہ ہو گا ۔ سو یہ حضرت اولیاء اللہ جنت کے روائح سے مشرف ہو چکے ہیں اور ان روائح اور دنیا کے پانچ پھولوں میں یہی نسبت ہے تو ان کے قبور پر ان پھولوں کا چڑھانا ان کو کیسے گوارا ہو گا ۔ یہ بات ان کی سمجھ میں آ گئی اور توبہ کر لی اور کہنے لگے کہ آئندہ ایسا نہیں کروں گا ۔ ( 13 ) بعد میں پیدا ہونا فضول ہونے کی دلیل نہیں : ارشاد فرمایا کہ ایک مرتبہ حضرت مولانا شہید سے کسی دھریہ نے کہا کہ