ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 109 ( 35 ) معرفت خطرات کا طریقہ : طریق معرفت الہام ملکی و خطرہ شیطانی و نفسانی کا یہ ہے کہ اگر بری چیز کا خیال آیا اور اس کو دفع کیا اور پھر اور بری چیز کا خیال آ گیا اور اس کو بھی دفع کیا اور پھر تیسرا آ گیا تو یہ خطرہ شیطانی ہے ۔ کیونکہ شیطان کو تو اغوا سے مطلب ہے ۔ خواہ کوئی برا خیال پیدا ہو ، اس کو ایک ہی معصیت پر اصرار کرنے کی کوئی وجہ نہیں ۔ ہاں کبھی خیر میں بھی خطرہ شیطانی ہوتا ہے ۔ اس کے پہچاننے کا طریقہ یہ ہے کہ آدمی غور کرے کہ ایک خیر چھوڑ کر دوسری خیر کرنے کا جو خیال آیا ہے ان میں اعلی کون ہے اور ادنی کون ۔ اگر یہ نئی خیر ادنی ہے تو یہ خطرہ شیطانی ہے کیونکہ اعلی سے ادنی کی طرف لا رہا ہے اور اگر بری چیز کا خیال آیا اور بار بار وہی آتا ہے تو یہ نفسانی ہے ، کیونکہ نفس کو اس میں لذت ہوتی ہے ۔ اس لئے وہ ایک ہی معصیت پر اصرار کرے گا اور اگر خیر محض کا بدون غلبہ کے خیال آیا تو وہ خطرہ ملکی ہے اور اگر اس خیر میں ایسا غلبہ ہو جائے کہ اس کے کرنے پر بے چین ہو جائے تو وہ الہامی ہے ۔ یعنی الہام حق ہے ۔ یہ طریقہ ہے معرفت خطرات کا ۔ ( 36 ) نمائش بغرض جلب عزت نفس منع ہے : فرمایا کہ عمدہ لباس پہننے کو جو صوفیہ منع کرتے ہیں تو مطلقا عمدہ لباس پہننا مراد نہیں ہے ۔ کیونکہ لباس پہننے کی کئی غرضیں ہوتی ہیں ۔ کبھی تو دفع ضرورت کے لئے لباس پہنا جاتا ہے ، کبھی اس کے ساتھ آسائش بھی مطلوب ہوتی ہے ، کبھی ان دونوں کے ساتھ آرائش بھی مقصود ہوتی ہے ، کبھی ان تینوں کے ساتھ نمائش بھی منظور ہوتی ہے ۔ پھر نمائش کبھی جلب عزت کے لئے ہوتی ہے ، کبھی دفع مذلت کے لئے ۔ پھر عزت کبھی اپنے نفس کی مقصود ہوتی ہے کبھی کسی دوسرے کا اکرام مقصود ہوتا ہے ۔ پس مذموم وہ لباس ہے جس میں نمائش بغرض جلب عزت لاکرام نفسھ