Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی شوال المکرم 1430ھ

ہ رسالہ

13 - 16
***
اخبار جامعہ
مولانا ابوالفضیل عزیز
دورہ ٴ تدریب اللغة العربیةکا اختتامی پروگرام
جامعہ میں ایک ماہ سے جاری دورہٴ تدریب اللغة العربیہ حسب پروگرام ماہ شعبان کے آخر میں اختتام کو پہنچا اور بروز بدھ 27 شعبان کو یہاں جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل ٹاؤن میں اس کا اختتامی جلسہ منعقد ہوا جس میں حضرت شیخ الجامعہ شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب حفظہم الله ورعاہم، حضرت ناظم اعلیٰ جامعہ مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب زید مجدہم اور کئی اساتذہ جامعہ نے شرکت فرمائی، نیز دورہٴ عربیہ میں بطور لیکچراور بطور مدرس ونگران حصہ لینے والے حضرات مشائخ نے بھی شرکت کی ۔ 
جامعة العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی کے استاذ حدیث اور ممتاز عالم دین حضرت مولانا عبدالرؤف غزنوی صاحب نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی اور خصوصی خطاب فرمایا۔ حضرت شیخ الجامعہ کے پوتے مفتی محمد انس عادل خان صاحب نے بھی خطاب کیا۔ مفتی صاحب موصوف ہی عملاً اس دورے کے روح رواں تھے انہوں نے جس جانفشانی، ذمہ داری اور فعالیت کے ساتھ اس دورے کا انتظام واہتمام کیا وہ قابل ستائش اور لائق تبریک ہے۔ علاوہ ازیں حضرت مولانا ولی خان صاحب ، مفتی عبداللطیف، مولانا زر محمد، مولانا حبیب زکریا، مولانا مبشر جاوید، مولانا مفتی عمیر عادل خان، مولانا مفتی حبیب حسین نے بھی دورے کے حوالے سے مختلف تدریسی اور تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیا، حضرت رئیس الجامعہ او رحضرت ڈاکٹر صاحب نے شرکاء دورہ میں اسناد تقسیم کیں۔
جلسے کے اختتام پر عشائیہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
ماہِ صیام کے سلسلے میں …
رمضان، سال بھر کے مہینوں میں ، عبادتوں، تلاوتوں اور دعاؤں کا ایک مبارک مہینہ ہے، الله تعالیٰ سے اپنے گناہوں کے بخشوانے اور اپنی مرادیں منوانے کا مہینہ ہے ، رمضان نیکیوں کا موسم بہار ہے، مسلمانوں کے لیے اس ماہ کا ایک ایک لمحہ قیمتی اور ا س کی ایک ایک گھڑی متاعِ بے بہا ہے۔
عالم اسلام اور خاص کر پاکستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر ضرورت اس بات کی ہے کہ ماہ مبارک میں الله تعالیٰ کی طرف خوب رجوع کیا جائے ، گڑ گڑا یا جائے ، ملک وملت اور اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے خوب خوب دعائیں کی جائیں اور آزمائشوں اور آفتوں سے رو رو کر پناہ طلب کی جائے۔
رمضان کی اسی اہمیت اور فضیلت کے پیش نظر، اس سال جامعہ فاروقیہ کراچی، شاہ فیصل ٹاؤن کی جامع مسجد میں استاذ العلماء شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب مدظلہم کی زیر نگرانی وتربیت پورے ماہ رمضان کے اعتکاف کا اہتمام کیا گیا، جس میں ماہ مبارک کی مخصوص عبادات کے ساتھ ساتھ روزانہ ختم خواجگان، ختم سورة یسٰ، حلقہ درود شریف اور حضرت شیخ مدظلہم کی اصلاحی مجلس کا سلسلہ بھی رہا۔
ماہ رمضان میں مدارس دینیہ میں تعلیمی سرگرمیاں تو معطل ہوتی ہیں تاہم ذکر واذکار تلاوت ،درس، تربیت اورتزکیہ جیسے اعمال سے دینی اور روحانی فضاء قائم ہوتی ہے اور دینی علمی شخصیات حلقہائے دروس، محافل ذکرو تزکیہ اور تربیتی مجالس کے ذریعے اپنے علمی اور دینی فیوض وبرکات پھیلاتے ہیں اور طالبین وسالکین کی پیاس بجھاتے ہیں۔
جامعہ میں اس مرتبہ فجر کے بعد مختصر درس حدیث کا بھی اہتمام ہو رہا ہے جس میں حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب حدیث کی روشنی میں گفتگو فرماتے ہیں جب کہ حضرت شیخ مدظلہم کا نماز ظہر کے متصلاً بعد خصوصی حلقہٴ وعظ ہوتا ہے جس میں نمازی حضرات آپ کی نہایت روح پرور، ایمان افروز باتوں سے مستفید ہوتے ہیں ۔ جب کہ نماز تراویح کے بعد مولانا مفتی محمد انس عادل خان روزانہ تراویح میں یومیہ تلاوت کی جانے والی آیات کا خلاصہ بتاتے ہیں۔
ان تمام سلسلوں میں لوگ نہایت شوق وذوق کے ساتھ شرکت کرتے ہیں اور کسب فیض کے ان مواقع کو غنیمت جان کر ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

Flag Counter