Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی ربیع الاول ۱۴۳۲ھ -مارچ ۲۰۱۱ء

ہ رسالہ

14 - 14
نقدونظر !
تبصرے کے لیے ہرکتاب کے دونسخوں کا آناضروری ہے
(ادارہ)
نظام تربیت (حصہ اول ودوم)
عارف باللہ حضرت مولانا محمد اسماعیل صادق بلاسپوری مدظلہ، صفحاتِ حصہ اول: ۱۰۱، حصہ دوم:۱۰۲ قیمت: ۱۵۰ روپے، ناشر:
یہ کتاب ہندوستان کے دینی مدارس کے نصاب میں داخل ہے، جس کے پہلے حصہ میں ایمان ، عقائد ، وضو، غسل اذان واقامت، نماز کے بیان کے علاوہ مسنون دعائیں، مختصر سیرت رسول ا اور دوسرے حصہ میں میت کے احکام، عیادت وتعزیت، روزہ، اعتکاف، عیدین، قربانی، عقیقہ، زکوٰة، حج، نکاح اور مختصر سیرت خلفائے اربعہ کا بیان ہے، اس کے علاوہ ان مسائل کی عملی مشقوں کو کتاب کا حصہ بنایاگیا ہے۔ اپنی اہمیت وافادیت کے اعتبار سے یہ مجموعہ اس لائق ہے کہ اہل مدارس اور اسکول وکالج کے ذمہ داران اس کو اپنے نظام کا حصہ بنائیں۔
قرآن میں کیا ہے؟( دو حصے)
ابن غوری، صفحات حصہ اول: ۶۱۴، حصہ دوم:۴۹۶ قیمت:سادہ ایڈیشن:۵۰۰ روپے اعلیٰ ایڈیشن: ۹۰۰ روپے، ناشر:زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر نزد مقدس مسجد اردو بازار، کراچی۔
قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے، جس کو انسانیت کی ہدایت کے لئے اتارا گیا ہے،ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن کریم کی تلاوت کرے، اس کے معانی اور مطالب سے واقف ہونے کی حتی الامکان کوشش کرے، عربی زبان سے ناواقف ہونے کی صورت میں معتبر علماء کے لکھے تراجمِ قرآن اور تفاسیر سے استفادہ کرے۔قرآن کریم کے مضامین اور افادات کو اردو داں حلقہ تک پہنچانے کی بہت ہی قابل قدر کوششیں ہوچکی ہیں۔ اس سلسلہ کی کڑی جناب ابن غوری صاحب کی کتاب ”قرآن میں کیا ہے“؟ بھی ہے۔حصہٴ اول سورہٴ فاتحہ تا عنکبوت اور دوسرا حصہ سورة الناس تک کے مضامین کا خلاصہ ہے۔ قرآن کریم کا ذوق رکھنے والے احباب کے لئے عمدہ تحفہ اور تراویح میں مصلیوں کو مضامینِ قرآن سے روشناس کرانے کے لئے بہترین کتاب ہے۔
خاتونِ جنت حضرت سیدہ فاطمہ
حضرت مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی مدظلہ، صفحات: ۳۳۶، قیمت:درج نہیں، ناشر ادارہ اشاعت الاسلام، مانچسٹر،پاکستان میں ملنے کا پتہ: صدیقی ٹرسٹ المنظر اپارٹمنٹ، ۴۵۸ گارڈن ایسٹ نزد لسبیلہ چوک، کراچی، ہندوستان میں ملنے کا پتہ: جامعہ مظہر سعادت ہانسوٹ ضلع بھروچ گجرات، انڈیا۔
زیر تبصرہ کتاب حضور اکرم ا کی سب سے چہیتی اور پیاری صاحبزادی حضرت سیدہ فاطمہ زہراء کی سیرت وسوانح پر مشتمل ہے، اس کتاب کے چنداہم عنوانات یوں ہیں: سیدہ فاطمہ کے والدین کریمین، آپ کی والدہ ام المؤمنین حضرت خدیجہ کے فضائل ومناقب، حضرت زینب، حضرت رقیہ، حضرت ام کلثوم ،حضور ا کی چار بیٹیاں، مستشرقین اور شیعی مغالطات کا جواب، ذکر سیدہ فاطمة الزہراء، آپ کے فضائل ومناقب، اہل وعیال، اولاد وامجاد اور شیخین پر لگائے گئے شیعی الزامات کا جائزہ، وغیرہ۔کتاب کا مسودہ حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود دامت برکاتہم العالیہ نے پڑھا ہے جو اس کتاب کی ثقاہت کے لئے بجائے خود دلیل ہے۔ کتاب ہر اعتبار سے قابل قدراور عمد ہ ہے۔
اشاعت ۲۰۱۱ ماہنامہ بینات , ربیع الاول ۱۴۳۲ھ -مارچ ۲۰۱۱ء, جلد 74, شمارہ 
Flag Counter