Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی محرم الحرام ۱۴۲۹ھ فروری۲۰۰۸ء

ہ رسالہ

3 - 10
عالم عرب کے نامور ادیب طہٰ حسین ایک تنقیدی جائزہ
عالم عرب کے نامور ادیب طہٰ حسین ایک تنقیدی جائزہ

مشہور ادیب‘ نقاد اور ماہر انشا پرداز طہٰ حسین نے اپنے ادبی شہ پاروں سے ایک دنیا کو مسحور کررکھا ہے ،ادبی افق کا یہ قابل قدر ستارہ مصری دنیا پر انیسویں صدی کے اواخر میں طلوع ہوا اور پون صدی سے زائدتک چمکتارہا اور بیسویں صدی کے اواخر میں ہمیشہ کے لیے غروب ہوگیا ،جن نامور ادبا کو عرب دنیا سرفہرست شمار کرتی ہے ان میں طہٰ حسین کی شخصیت بھی نمایاں حیثیت رکھتی ہے، ان کا اپنے ہم عصروں پرادبی تفوق اوران کی تحریر کی فصاحت وسلاست مسلم امر ہے لیکن اسلامی اوردینی اعتبار سے طہٰ حسین کی زندگی بہت داغدار ہے، مسلمہ اسلامی نظریات وعقائد پر استشراقیت ولادینیت سے متاثر اس شخص نے تجددی افکار کی ڈھال لے کر حملہ کیا اور اسلامی اساس کو کھوکھلا کرنے کے واسطے فکری آزادی اور حریت رائے کی حمایت دکھلا کراسلامی فلسفہ اور دینی تعلیم پر اعتراضات کی وہ ضربیں لگائیں کہ ادبیت کا خوبصورت پردہ از خود چاک کرکے اپنی لادینیت کا مکروہ چہرہ ظاہر کردیا ،یہ سب کچھ اس تخم کی پود تھی جس نے جامعہ مصریہ کے مستشرقین اساتذہ کی زیر نگرانی نشو نما پائی تھی اور جس کی جڑیں ان کے دل ودماغ میں گہری اور مضبوط ہوچکی تھیں۔ زیر نظر مضمون میں ہم طہٰ حسین کی شخصیت ان کی تصنیفات اور ان کے مخالف اسلام افکار ونظریات کا تجزیہ اور ان کے بارے میں چند آراء پیش کریں گے۔ خدا تعالیٰ کی یہ سنت ہی سمجھیے کہ علمی دنیا میں نام پیدا کرنے والے اور علمی درجات کی اعلیٰ منازل طے کرنے والے غالباً متوسط گھرانے یا پھر نچلے طبقہ سے تعلق رکھنے والے ہوتے ہیں ، موصوف نے ایک ایسے ہی متوسط گھرانے میں جنم لیا،طہ حسین ۱۴/نومبر ۱۸۸۹ء کو مصر کے ایک بالائی گاوٴں مغاغہ میں پیدا ہوئے، بعض تذکرہ نگاروں سے موصوف کی تاریخ ولادت میں غلطی واقع ہوئی ہے اور انہوں نے تاریخ پیدائش ۲۸ /اکتوبر ۱۸۹۸ء ذکر کی ، اور اکثر جگہ موصوف کے تذکرے میں یہی تاریخ ذکر کی گئی ہے لیکن یہ درست نہیں، کیونکہ خود موصوف سے مصری مجلہ ”اللسان العربی“ کے مدیر ومنتظم نے اپنا تعارف نامہ لکھنے کی درخواست کی تو اس میں انہوں نے اپنی تاریخ پیدائش ۱۴/نومبر ۱۸۸۹ء لکھوائی تھی۔ موصوف پیدائشی نابینا نہ تھے بلکہ تین سال یا چھ سال کی عمر میں آنکھ کی سوزش کی وجہ سے بینائی جاتی رہی اس میں کچھ دخل تو غلط طریقہٴ علاج تھا اور زیادہ دخل عدم توجہی اور بے پرواہی کا، طہ حسین نے نوسال کی عمر میں قرآن کریم کے حفظ کے ساتھ ساتھ تجوید کا کورس بھی پڑھ لیاتھالیکن حفظ قرآن مکمل کرنے کے بعد اس کویاد نہ رکھ سکے اور بھول گئے ۔اس کی تفصیل بہت ہی دکھ بھرے الفاظ میں موصوف نے اپنی خود نوشت سوانح ”الایام“ میں ذکر کی ہے۔ ۱۹۰۲ء میں مغاغہ ہی میں ”الفیہ ابن مالک“ یاد کی اور تحصیل علم کی غرض سے قاہرہ کاسفر کیا اور جامعہ ازہر میں داخلہ لیا، ازہر کے طریقہٴ تعلیم سے دل برداشتہ ہونے کے ساتھ قاہرہ میں بڑے بھائی کی طرف سے بے التفاتی کا گہرا اثر بھی موصوف نے محسوس کیا ،جامعہ ازہر میں اساتذہ کی باہم تنقید وچپقلش اور فقرہ بازی نے ان کے تعلیمی صفحہٴ حیات پرایک گہرا داغ رقم کردیا ،اس تنقیدی ذہن سازی کے بارے میں ان کے ایک استاد شیخ سید علی المرصفی (متوفی ۱۳۴۹ھ) کا ذکر ضروری ہے جن سے موصوف نے چند دیگر طلباء کے ہمراہ فارغ اوقات میں زمخشری کی ”المفصل“ ابوتمام کا ”الدیوان الحماسة“ اور مبرد کی ”الکامل“ پڑھی ،خود موصوف شیخ مرصفی کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ”ازہر کے اساتذہ کی تنقید اور ان پر سخریانہ جملے کہنا شیخ کا خاص شغل تھا جس سے ہمارے ذہن بہت متاثر ہوئے“ اس تاثر کا اندازہ خود موصوف کی تصنیفات اور ان کے افکار ونظریات سے بخوبی ہوسکتاہے۔ طہ حسین اس بددلی کی کیفیت کے باوجود چھ سال ازہر ہی سے وابستہ رہے ۔ ۱۹۰۸ء میں جب جامعہ مصریہ کا قیام عمل میں آیا تو وہاں پربھی دروس ومحاضرات میں شرکت کرنے لگے ۔ یہیں سب سے پہلے موصوف کا واسطہ مستشرقین سے پڑا اور پروفیسر گائیڈی اور پروفیسر نللنیو سے تعارف ہوا۔ یہ دونوں پروفیسر وہاں جامعہ میں لیکچرز دیا کرتے تھے۔ فرانسیسی ادب پر مہارت حاصل کرکے طہ حسین نے عرب کے مشہور شاعر ابو العلاء المصری کی شاعری اور ان کے فلسفہٴ حیات پر پی‘ایچ ڈی کا مقالہ لکھا جو ”ذکریٰ ابی العلاء“ سے مشہور ہوا ،موصوف جامعہ مصریہ کے پہلے طالب علم تھے جنہوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔اپنے کچھ عرصہٴ قیام کے بعد جامعہ مصریہ نے اپنے وظیفہ پر چند طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لئے فرانس بھیجنے کی تحریک کی ،اگرچہ موصوف مقرر کردہ شرائط پر پورے نہ اترتے تھے لیکن کچھ تو ان کا اصرار تھا اور کچھ قابلیت بھی کہ ان کے لئے جامعہ کی طرف سے فرانس جانے کا پروانہ جاری ہوگیا۔ گو کچھ زمانہ فرانس کے جنگی حالات جانے کے لئے سازگار نہ ہوئے لیکن بہرحال ۱۹۱۵ء میں فرانس روانگی طے پاگئی اورانہوں نے وہاں جاکر فرانس کے مشہور تعلیمی ادارے سوربون یونیورسٹی کے آرٹس کالج (کلیة الآداب) میں داخلہ لیااور عمرانیات کے موضوع پر ابن خلدون کے نظریہ کے بارے میں مقالہ لکھ کر ۱۹۱۷ء میں ڈاکٹریٹ کی دوسری ڈگری حاصل کی۔ یہاں ان کی زندگی کا ایک اہم موڑ قابل ذکر ہے جب موصوف نے فرانس کے زمانہٴ قیام میں فرانسیسی نژاد لڑکی (سوزان جو اس تعلیمی سفر میں ان کی معاون ومددگار تھی اور کتابیں پڑھ کر انہیں سناتی تھی )سے شادی کرلی یہ خاتون موصوف کو بہت محبوب تھیں اورطہ حسین ان کو اپنے چلنے کی لاٹھی کہا کرتے تھے ،انہی خاتون سے ایک لڑکی امینہ اور ایک لڑکا مونیس پیدا ہوئے،ان خاتون نے ”معک“ نامی کتاب لکھی جس میں موصوف کے ساتھ گذارے ہوئے خوشگوار لمحوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ادبی پیرائے میں بیان کیا ہے۔ طہ حسین نے تدریسی زندگی کا آغاز ۱۹۱۹ء میں جامعہ مصریہ ہی سے کیا ،چھ سال قدیم تاریخ پڑھانے کے بعد تاریخ وادب کے استاد مقرر ہوئے، ۱۹۲۶ء میں متنازع فیہ اور ہنگامہ خیز کتاب ”الشعر الجاہلی“ لکھی جس کا مفصل تذکرہ آئندہ سطور میں بیان ہوگا ،۱۹۳۰ء میں اسی ”کلیة الفنون“ کے پرنسپل مقرر ہوئے جبکہ ۱۹۳۹ء میں وزارت معارف میں فنی مشیر کے عہدہ سے سرفراز ہوئے اور ۱۹۴۲ء جامعہ اسکندریہ کے وائس چانسلر مقرر ہوئے۔ وزارت تعلیم کا عہدہ ۱۹۵۰ء میں ملا اور ۱۹۵۱ء میں حکومت مصر نے ’پاشا“ کا خطاب دیا ،۱۹۵۲ء میں سیاسی یورش کی بناء پر اپنے سابق عہدوں سے دستبردار ہوئے ،سیاسی کشیدگی اورر کچھ اندرونی خلجان نے ان کو گوشہ نشین کردیا اور اپنا وظیفہٴ زندگی انہوں نے صرف اور صرف علم سے وابستہ کرلیا ،آخری عمر میں امراض کی بہتات نے نقاہت سے چور کردیا تھا اور حافظہ پر گہری چوٹ پڑی تھی جس کی بناء پر اکثر باتیں بھول جایا کرتے۔ آپ کے آخری زمانے کے پرسنل سیکریٹری ڈاکٹر محمد دسوقی لکھتے ہیں:”آخری چند سالوں میں حافظہ کی حالت یہ ہوچکی تھی کہ صبح میں اخباروں سرخیاں پڑھ کرسناتا اور شام کو کوئی ملنے آتا اور کسی خبر کے متعلق بحث کرنا چاہتا تو عمید ادب (طہ حسین کو دسوقی ”عمید الادب“ کہا کرتے تھے جس کے معنی صدر کے ہیں) کہتے کہ: یہ خبر تو دسوقی نے مجھ کو سنائی نہیں حالانکہ میں نے وہ سنائی ہوئی ہوتی تھی موصوف اکثر قسم بھی کھا لیا کرتے تب میں خاموش ہوجاتا“۔ اکتوبر ۱۹۷۳ء کو یہ ادبی چراغ گل ہوا اور عربی ادب کا ایک گوشہ ویران ہوگیا ،واضح رہے کہ بعض مبصرین نے سن وفات ۱۹۷۴ء بتلایاہے لیکن پہلی رائے زیادہ صحیح ہے، موصوف کو کئی ایک یونیورسٹیوں سے اعزازی ڈگریاں بھی دی گئی ہیں جن میں مونبلر‘ لیون‘ بالرم‘ اثینا اور مڈریڈ بھی شامل ہیں۔
قلمی کاوشیں
طہٰ حسین کا موضوع بحث وسیع ہونے کے باوجود مدار ادب ہی میں محیط ہے ہر تصنیف میں عربی کی وہ سلاست اور روانی کہ قاری کے دل ودماغ کو یکساں متاثر کردیتی ہے ۔ ۷۰ کے قریب چھوٹی بڑی کتابیں تصنیف کیں جن میں بڑی تعداد میں ناول شامل ہیں ذیل میں چند شہر ت یافتہ تصانیف کا ذکر کیا جاتاہے:
۱- الایام: یہ موصوف کی خود نوشت سوانح حیات ہے ۱۹۳۹ء میں شائع ہوئی‘ تین حصوں پر مشتمل ہے حال ہی میں مصرکے مشہور ادارے کی طرف سے ایک جلد میں شائع ہوئی ہے۔ اس کتاب نے ادبی حلقوں میں نمایاں پذیرائی حاصل کی اور کئی زبانوں میں اس کا ترجمہ بھی ہوا۔ انگریزی زبان میں اس کا ترجمہ ”دی ڈیز“ کے نام سے شائع ہوا جسے قاہرہ کی امیریکن یونیورسٹی نے ۱۹۹۷ء میں طبع کروایاتھا جس میں سرورق پر طہٰ حسین کی تصویر آویزاں کی گئی ہے اس کتاب کو پاک وہند میں بھی خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور گذشتہ دنوں اس کتاب کا اردو ترجمہ پاکستان کے ایک مشہور اخبار میں قسط وار شائع بھی ہوا ہے موصوف نے اس کتاب میں اپنے آپ کو غائب شمار کیا ہے اور کتاب کو بہت دلچسپ اسلوب میں لکھا ہے واقعی یہ کتاب عربی لٹریچر کا ایک عمدہ شاہکار ہے جس کی پذیرائی کچھ قابل تعجب نہیں۔
۲- علی ہامش السیرة: سیرت پر اچھوتے انداز کی تحریر ہے سیرت کے واقعات کو افسانوی قالب میں ڈھال کر قاری کو مسحور کردیا ہے ۱۹۴۱ء یا ۱۹۴۳ء میں شائع ہوئی۔
۳- الفتنة الکبریٰ: یہ کتاب دوحصوں پر مشتمل ہے پہلا حصہ قضیہٴ خلیفہ ثالث کے بیان پر مشتمل ہے جس کا نام ”عثمان“ رکھا گیا ہے اور دوسرا حصہ قضیہٴ خلیفہ رابع کے متعلق ہے اور ”علی وبنوہ“کے نام سے پرستاران ادب میں مشہور ومعروف ہے پہلا حصہ ۱۹۴۷ء میں اور دوسرا حصہ ۱۹۵۸ء میں شائع ہوا۔
۴- الشیخان: یہ کتاب خلیفہٴ اول حضرت ابوبکر صدیق اور خلیفہٴ ثانی حضرت عمر بن الخطاب کے بارے میں لکھی گئی ہے۔ لیکن عام کتب تواریخ سے ایک انفرادی طرز اور ممتاز طریقہ کی عمدہ تحریر ہے کتاب کی ابتداء میں لکھتے ہیں کہ:”اس طریقہ کار کو جو حضرات شیخین  نے اپنایا اور جس سے بعد کے خلفاء وملوک نے پہلو تہی کی‘ اس طریقہ کار کو میں اس کتاب کے قاری کے سامنے واضح کرنا چاہتا ہوں اور اس کے بعد حضرت ابوبکر صدیق  اور حضرت عمر  کی شخصیت کا خلاصہ اور حاصل پیش کرنا چاہتاہوں“۔ ابھی کچھ عرصہ قبل یہ کتاب آزاد بن ڈپو‘ اردو بازار لاہور سے شائع ہوئی تھی جو مصری کتاب کا آفسٹ ایڈیشن تھا اس پر ”الطبعة السابعة“ درج ہے جس سے بخوبی معلوم ہوتا ہے کہ اس کتاب نے کتنی پذیرائی حاصل کی ہوگی۔
۵- ذکریٰ ابی العلاء: ڈاکٹریٹ ڈگری کے حصول کے لئے پہلا مقالہ جو جامعہ مصریہ کے زمانہٴ تعلیم میں لکھا گیا ۱۹۱۵ء میں شائع ہوا۔
۶- فی الشعر الجاہلی: یہ مشہور زمانہ کتاب ۱۹۲۶ء میں شائع ہوئی اور مذہبی واسلامی حلقوں میں موصوف کی بدنامی کا باعث بنی جس میں زمانہ جاہلیت کے عربی ادب کے متعلق بحث کرتے ہوئے موصوف کج راستوں پررواں ہوئے اور اپنے تئیں مخالف کتاب وسنت باتیں لکھ کر بعض اسلامی نظریات وافکار کو گڑھی ہوئی بے بنیاد باتیں قرار دے بیٹھے۔ دراصل موصوف کے قلبی تاثرات اور اسلام مخالف افکار وخیالات اس کتاب سے آشکارا ہوئے تھے یہ ناپاک اثرات پروفیسر گائیڈی اور پروفیسر نللنیو کی صحبت تلمذ اور ان سے محبت کا نتیجہ اور لادینی افکار کے حامل مستشرقین سے تعلق کا ثمرہ وحاصل تھا، رومن کیتھولک ویسے ہی موصوف کا پسندیدہ موضوع تھا اس پر ملحدانہ طرز فکر نے موصوف کو اسلام مخالف کر چھوڑا ،بعد ازاں قابل اعتراض مقامات سے کتاب کی تنقیح کی گئی اور ”فی الادب الجاہلی“ کے نام سے شائع ہوکر داخل درس ہوئی، اگلی سطور میں اس کے متعلق مزید کچھ تذکرہ ہوگا۔ان تحقیقی وتاریخی تصنیفات کے علاوہ کئی ناول بھی اس ادیب اور انشاء پرداز کے قلم سے منصہٴ شہود پر ائے جن میں سے چند مشہور کے اسماء اور کچھ تفصیل ذیل میں درج کئے جاتے ہیں۔
۱- دعاء الکروان: یہ قاہرہ سے ۱۹۳۴ء میں شائع ہوا۔
۲- الوعد الحق: ۱۹۵۰ء میں شائع ہوا جس میں فدایان اسلام صحابہ میں سے ان فقراء صحابہ کرامکا جو غلام تھے دلسوز تذکرہ ہے جنہوں نے ہزارہا ستم برداشت کئے لیکن ”احد“ کے نعرہٴ مستانی سے کفر کو ہلا کر رکھ دیا اور اخیر میں ان بعض کو حاصل شدہ فتوحات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے ۔ ۱۹۵۱ء میں اس پر فلم بھی بنی جو بہت مقبول ہوئی یہ کتاب بھی ”علی ہامش السیرة“ کی طرح افسانوی رنگ لئے ہوئے ہے۔ یہ کتاب پاکستان میں بھی بآسانی دستیاب ہے کراچی کے ایک مشہور کتب خانہ نے اس کو شائع کیا ہے اس کا ترجمہ ”خدائی وعدہ“ بھی بہت مقبول اور متعارف ہے۔
۳- الحب الضائع: یہ ۱۹۳۷ء میں شائع ہوا۔
۴- شجرة البؤس:۱۹۴۴ء میں شائع ہوا۔
۵- ادیب: ۱۹۳۵ء میں شائع ہوا اس ناول کا ترجمہ موصوف کے صاحبزادے مونیس نے فرنچ میں کردیا ہے۔
طہٰ حسین آئینہٴ تنقید میں
دینی نظریہ ایک طرف لیکن موصوف بزم ادب وادباء میں قابل قدر شہرت رکھتے تھے اور رکھتے ہیں اور ادبی طرز میں بعض ادباء موصوف کے خوشہ چین بھی ہیں حتی کہ سید قطب شہید تک زمانہ طالبعلمی اور اخوان المسلمین سے وابستگی سے قبل ان کے ادب کو خوب سراہتے تھے بلکہ سید شہید طہٰ حسین کے پرائیویٹ سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں سید شہید کی کتاب ”معالم فی الطریق“ کے مترجم ”خلیل احمد حامدی“ ”جادہ ومنزل“ میں (جو معالم فی الطریق “ بھی کا ترجمہ ہے) لکھتے ہیں:”اس دور (یعنی زمانہ طالب علمی اور پروفیسری قبل شمولیت اخوان المسلمین) میں انہوں (سید شہید) نے قاہرہ کے چوٹی کے ادباء اور ارباب صحافت سے راہ ورسم پیدا کرلی تھی۔ پہلے طہٰ حسین کے حلقہٴ ارادت سے منسلک ہوئے بلکہ طہٰ حسین کے پرائیویٹ سیکرٹری بھی رہے“۔ بلکہ سید شہید کے تاثر کا تو یہ حال تھا کہ جب انہوں نے اپنی کتاب ”طفل من القریة“ لکھی جس میں داستان کے رنگ میں اپنا بچپن اور دیہاتی ماحول کا نقشہ کھینچا ہے اس میں طہٰ حسین کی خود نوشت سوانح کا طرز واسلوب اختیار کیا اس پر طرہ یہ کہ اس کتاب کا انتساب طہٰ حسین کے نام کرتے ہوئے یوں لکھا کہ:”امید ہے کہ وہ اس کہانی کو بھی ”الایام“ کے چند ایام کی حیثیت سے قبول فرمائیں گے“۔ (یہ سب تفصیل جادہ ومنزل سے ماخوذ ہے)۔
لیکن یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ طہٰ حسین کہ ادب میں بھی جدت اور مغربیت کا تاثر نمایاں ہے جبکہ موصوف کے معاصر اور مخالف ومناظر مصطفی صادق الرافعی کا ادب بھی قرآن کا سا طرز واسلوب لئے ہوئے ہے۔ خلیل احمد حامدی لکھتے ہیں:”مصطفی صادق الرافعی بیسویں صدی کے حاجظ تھے ان کی انشاء پردازی میں قرآنی ادب کی چاشنی ہوتی تھی قرآن کی بلاغت وایجاز اور قرآن کے ادبی ومعنوی مقام کو رافعی نے جس قدرت وندرت اور واضح عربی کے ساتھ بیان کیا ہے اس کی وجہ سے انہیں ”قرآنی ادیب“ کہا جائے تو مبالغہ نہ ہوگا طہٰ حسین اور عقاد (محمود عباس العقاد) ان کے مقابلے میں ہیچ نظر آتے ہیں۔ بہرحال ادبی مقام اپنی جگہ لیکن موصوف اپنے استشراقی ولا دینی افکار کی بناء پر جو ان کی تصنیف ”الشعر الجاہلی“ میں کھل کر سامنے آئے اسلامی حلقوں میں بہت بدنام ہیں اسلام کے خلاف اس معاندانہ اور جرأت مندانہ حملے کا اصل سبب وہی مستشرقین سے حاصل شدہ فکری تاثر ہے جس کو رافعی یوں لکھتے ہیں اور راقم السطور ان کی اس بات سے متفق بھی ہے کہ:”ہم اپنی اس رائے سے صرف نظر نہیں کرسکتے کہ طہ حسین کو مستشرقین کی تقلیدنے خراب کردیا طہ حسین ان کے ساتھ رہا اور جب ان سے ان کے استشراقی افکار حاصل کئے تو ان کا مذہب اور ان کی آراء اس کو بھانے لگیں“۔ موصوف کی کتاب ”الشعر الجاہلی“ جب داخل نصاب ہوئی اور ملحدانہ افکار کی نشر واشاعت شروع ہوئی‘ تو مسلک حق کے حامل مصری اسلام پسند علماء نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور اس کے بارے میں تنقیدی مضامین لکھے ”تحت رایة القرآن“ میں رافعی لکھتے ہیں:”جامعہ مصریہ کو ۱۹۲۵ء میں جب وزارة المعارف کے ساتھ ملحق کیا گیا تو اساتذہ جامعہ نے ادب عربی کی تدریس کے لئے ڈاکٹر طہ حسین کا انتخاب کیا اور ہمیں معلوم بھی تھا کہ موصوف ”فی الشعر الجاہلی“ پر لیکچرز دیتے ہیں لیکن اس کتاب کی بابت ہم کو چنداں خبر نہ تھی اور نہ ہی ہم نے اس کتاب کے بارے میں کبھی غور وفکر کا ارادہ کیا اس لئے کہ ہمارے تو وہم وخیال میں بھی نہ تھا کہ کوئی شخص کرہٴ ارض کو اس کے مدار سے دوسرے مدار پر اٹھا کر پھینک بھی سکتا ہوگا جیساکہ طہ حسین نے علم ادب کے ساتھ برتاہے حتی کہ استاد عباس فضلی کے اس مضمون نے جو مجلہ ”السیاسة“ میں شائع ہوا ہمیں متنبہ وباخبر کردیا اور بعد ازاں مشہور مشرقی ادیب امیر شکیب ارسلان نے اپنے مضمون ”التاریخ لایکون بالافتراض والتحکم“ سے جو مجلہ ”الکوکب“ میں شائع ہوا ہیں خبر دار کردیا پھر اس قسم کے مضامین ہم نے ”الکوکب“ رسالہ کو لکھے“۔
ڈاکٹر عباس فضلی کے جس مضمون کا تذکرہ رافعی نے کیا اس کو رافعی نے اپنی تالیف ”تحت رایة القرآن“ میں بھی نقل کیا ہے اس کا عنوان ہے ”الدکتور طہ حسین وما یقررہ“ مضمون واقعی دیکھنے سے تعلق رکھتاہے فضلی نے اس مضمون میں ڈاکٹر موصوف کے ایک لیکچر پر دقیق النظری سے تبصرہ وتجزیہ کرتے ہوئے اس سے حاصل شدہ نتائج پر اعتراضات کی بوجھاڑ کردی ہے اسی طرح امیر شکیب ارسلان کا بھی یہ مضمون جس کا ابھی ذکر ہوا ”تحت رایة القرآن“ میں منقول ہے۔
امیر شکیب ارسلان لکھتے ہیں کہ:”بعض ادباء زمانہ کو شوق ہوا کہ ہم تک جو تاریخ اسلامی پہنچی ہے اس کو داغدار بنادیا جائے اور قدماء کے مسلک سے ہٹ کر چند ایسے حوادثات کے جو مشہور ومعروف نہ تھے نئے اور دوسروں سے مختلف وجوہ واسباب اخذ کرکے تعلیل کے باب میں جدید طرز واسلوب اپنائیں تاکہ ایسے لوگوں کے بارے میں (ان کی مدح میں) یوں کہا جائے کہ ان لوگوں نے ایسے تاریخی حقائق سے پردہ اٹھایاہے جس کو دیگر مؤرخین سمجھ ہی نہ سکے ہیں اور ایسے غموض واسرار پہچانے ہیں جس سے دینی تاریخ نے یا پھر سیاست اور سیاست کی خواہش نے جمہور مؤرخین کو اندھا کردیا تھا یہ لوگ اس بات کو تحقیق وتفتیش کا نام دیتے اور سمجھتے ہیں کہ وہ تحقیق عام آراء سے ہٹ کر مخالف رائے پیش کرنے کا نام ہے“۔
اور اس مضمون کے آخر میں امیر شکیب ایک معنی خیز عبارت درج کرکے ایک اصولی ضابطے سے طہ حسین کی تمام اسلام مخالف تحقیقات پر خط تنسیخ پھر ڈالتے ہیں تحریرفرماتے ہیں:”چنانچہ بھائیوں! تاریخ کچھ ظن وتخمین کی کار فرمائی نہیں ہوتی اس لئے کہ محض ظن وتخمین یقین کا فائدہ نہیں دیتے ہیں“۔ اسی طرح موصوف مارکسی نظریات کے حامل اور مذہب اعتزال کے شائق بھی تھے جس کا اظہار انہوں نے اپنے زمانہ وزارت میں قاضی عبد الجبار المعتزلی (متوفی ۴۱۵ھ) کی مشہور زمانہ کتاب ”المغنی“ جو ۲۰ جلدوں میں ہے اور گویا کہ مذہب اعتزال کا دائرة المعارف ہے شائع کرواکر کیا ”پروفیسر کبیراحمد مظہر“ لکھتے ہیں:”روسی نظریہ ادب کے تحت فرانس کے ترقی پسند ادباء کا رویہ پسند کیا گیا مذہب کا مذاق اڑایا گیا قدیم اسٹائل کو طعنے دیئے گئے‘ طبقاتی تقسیم کے خلاف لکھا گیا اور معاشرہ کی دکھتی رگوں پر نشتر لگایا گیا اس گروہ کے زعماء میں ایک طہ حسین بھی تھے جنہوں نے ”الشعر الجاہلی“ اور قدیم جاہلی روایات کو موضوع ٹھہرایا اور قرآن مجید کو جاہلی ادب کا نمونہ کہا“۔
چنانچہ مذہبی جماعتوں میں اسلامی حمیت کی آگ بھڑک اٹھی اور موصوف کی اس جنونی جرأت کا خوب پرچار کیا گیا‘ اور مصطفی صادق الرافعی‘ امیر شکیب ارسلان‘ اسماعیل بک مظہر اور محمود عباس فضلی وغیرہ علماء اسلام نے احتجاجی علم بلند کیا اور موصوف کے شیریں انداز میں بیان کردہ مستشرقانہ اور ملحدانہ افکار پر لوگوں کو مطلع کیا اور موصوف کے دین مخالف روپ کی نقاب کشائی کی آخر کار حکومت کی جانب سے کتاب کی اشاعت پر پابندی عائد کی گئی اور کتاب خارج از نصاب ہوئی اور بعد ازاں مجبوراً ومقہوراً کتاب کے مخالف اسلام خیالات کو تبدیل کیا گیا اور ملحدانہ افکار سے اس کی ستھرائی کی گئی اور ”فی الادب الجاہلی“ کے نام سے دوبارہ شائع ہوئی اس کے مقدمہ میں موصوف لکھتے ہیں:”یہ گذشتہ سال کی ہی طرح کی کتاب ہے ایک فصل اس میں سے حذف کرکے دوسری فصل اس کی جگہ رکھی گئی ہے اور بعض دیگر فصول کا بھی اضافہ کیا گیا ہے اور کتاب کے عنوان میں بھی کچھ تبدیلی کی گئی ہے اور مجھے امید ہے کہ میں نے اس دوسرے ایڈیشن میں ان طلباء کی جو عربی ادب کو اور اس میں خاص طور پر جاہلی ادب کو علم ادب اور اس کی تاریخی طور پر تحقیق وتفتیش کے ساتھ پڑھنا چاہتے ہیں حاجت روائی کردی ہے بہرحال یہ کتاب گذشتہ دوسالوں سے آرٹس کالج میں پڑھائی جانے والی کتاب کا خلاصہ ہے“۔ (جاری ہے)
اشاعت ۲۰۰۸ ماہنامہ بینات , محرم الحرام ۱۴۲۹ھ فروری۲۰۰۸ء, جلد 70, شمارہ 1

    پچھلا مضمون: فرقہٴ بوہریہ کے عقائد اور ان کا حکم
Flag Counter