Deobandi Books

ماہنامہ الابرار فروری 2010

ہ رسالہ

14 - 14
خانقاہ اور جامعہ کے شب و روز
ایف جے،وائی(February 10, 2010)

مولانا ارشاد اعظم صاحب
ناظم تعلیمات جامعہ اشرف المدارس کراچی۔

نائب ناظم تعلیمات صاحب کا بیان

محرم الحرام کی پہلی جمعرات کو جامعہ کے نائب ناظم تعلیمات مولانا سید محمد حسین صاحب کا طلباءسے خطاب ہوا، جس میں مولانا موصوف نے علم ،عمل اور اخلاص کی اہمیت کو قرآنی آیات و حدیث پاک کی روشنی میں واضح کیا۔ اور مزید فرمایا کہ اخلاص کے حصول کے بعد بھی ہر شخص ڈرتا رہے کہ اعتبار خاتمہ کا ہے اور اس کا ابھی پتہ نہیں۔

دارالافتاءجامعہ اشرف المدارس کے نگران اعلیٰ کی حج کے سفر سے واپسی

حضرت مولانا مفتی محمد نعیم صاحب مدظلہم جو ہمارے جامعہ میں موجود شعبہ تخصص فی الافتاءکے نگران اعلیٰ اور شعبہ درس نظامی کے استاذ ہیں بحمدﷲ حج کی سعادت حاصل کرکے حرمین شریفین کے سفر سے واپس وطن تشریف لے آئے ہیں اور دارالافتاءمیں اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ آپ کے ساتھ آپ کی والدہ محترمہ نے بھی حج کی سعادت حاصل کی۔ اﷲ تعالیٰ اس حاضری کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائیں اور عافیت کے ساتھ بار بار حاضری کی توفیق نصیب فرمائیں، آمین۔

حضرت مہتمم صاحب کی خوش دامن صاحبہ کا انتقال

جامعہ حمادیہ کے مہتمم حضرت مولانا عبدالواحد صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی اہلیہ محترمہ جو جامعہ اشرف المداس کے مہتمم جناب حضرت مولانا حکیم محمد مظہر صاحب مدظلہ العالی کی خوش دامن تھیں گذشتہ دنوں ایک طویل علالت کے بعد انتقال فرماگئیں۔ ان کی نماز جنازہ جامعہ حمادیہ میں ادا کی گئی۔ جنازے میں علما ءاور طلباءکی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، ہمارے جامعہ کے اساتذہ اور تخصص فی الحدیث والافتاءکے طلباءنے بھی شرکت کی سعادت حاصل کی۔ مرحومہ بلند صفات سے متصف تھیں۔ آخری آٹھ دن بے ہوشی میں گزرے۔ انتقال سے دو دن پیشتر ان کی زبان پر اﷲ تعالیٰ کا اسم مبارک جاری ہوگیا جو تادم آخر جاری رہا۔ اﷲ تعالیٰ ان کی کامل مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے، آمین۔

سہ ماہی امتحان کا آغاز

جامعہ اشرف المدارس کراچی کے امتحانات سہ ماہی ۱۳۴۱ھ کا آغاز بدھ ۶۲ محرم الحرام بمطابق ۳۱جنوری ۰۱۰۲ءسے ہوچکا ہے، امتحانات کا یہ سلسلہ غالباً بدھ ۴ صفر مطابق۰۲ جنوری تک جاری رہے گا، امتحانات کے بعد جمعرات اور جمعہ دو دن تعطیل ہے اور اس کے بعد دوبارہ تعلیم کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا ان شاءاﷲ، دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ تمام طلباءکو خوب محنت کرنے اور امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے کی توفیق عنایت فرمائیں۔

قاری عبدالحلیم صاحب کی رحلت

جامعہ بنوریہ سائٹ کے مہتمم جناب حضرت مفتی محمد نعیم صاحب مدظلہ کے والد ماجد جناب قاری عبدالحلیم صاحب کا گذشتہ ماہ انتقال ہوگیا۔ ان کے جنازے میں بھی ہمارے جامعہ کے اساتذہ کرام اور تخصص فی الحدیث والافتاءکے طلباءنے شرکت کی۔ قاری صاحب طلبائے دین کے ساتھ مخلص اور ان کے سچے خادم تھے۔ قاری صاحب کو قرآن کریم سے عشق کی حد تک تعلق تھا، روزانہ نمازوں میں دس پارے پڑھنے کا معمول تھا جو آخری دن تک جاری رہا۔ قاری صاحب نے مفلسی اور تنگ دستی کے دن بھی دیکھے اور کشائش اور فراخی کے ایام بھی، لیکن آخر عمر تک سادگی تواضع، عجز و انکساری کی صفات کو ہاتھ سے جانے نہ دیا۔ اﷲ تعالیٰ قاری صاحب کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے، آمین۔

حضرت والا دامت برکاتہم کی علالت

گذشتہ دنوں حضرت والا دامت برکاتہم العالیہ کو پیشاب کا عارضہ پیش آیا جس کا سبب انفیکشن تھا، اب بحمدﷲ تعالیٰ حضرت والا کی صحت بحال ہوگئی ہے۔ قارئین کرام سے حضرت والا دامت برکاتہم کی مزید صحت و عافیت کیے لیے خوب خوب دعاﺅں کی گذارش ہے اﷲ تعالیٰ حضرت والا کو پہلے سے بھی اچھی صحت و توانائی عطا فرمائے، اور آپ کا سایہ عاطفت ہمارے سروں پر تادیر بعافیت تامہ دراز فرمائیں، اور ہمیں صحیح معنوں میں آپ کی قدر کرنے والا بنائے۔

مولانا موسیٰ صاحب کی روانگی

جنوبی افریقہ کے مولانا محمد موسیٰ صاحب جن کا تذکرہ گذشتہ شمارے میں آیا تھا گذشتہ ہفتہ واپس اپنے وطن تشریف لے گئے، اﷲ تعالیٰ مولانا موصوف سے خوب خوب دینی خدمات اخلاص اور قبولیت کے ساتھ لیں، آمین۔

ڈاکٹر محمد عمر صاحب کا خانقاہ میں قیام

چند ہفتے پیشتر ذیابطیس کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر جناب ڈاکٹر محمد عمر صاحب جو حضرت والا سے بیعت ہیں بغرض اصلاح حضرت والا کی خدمت میں آئے ہوئے تھے اور ایک ہفتہ تک خانقاہ میں قیام فرمایا۔
Flag Counter