Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق رجب المرجب 1432ھ

ہ رسالہ

1 - 18
دنیا والے اور آخرت والے
مولانا عبید اللہ خالد

دُنیا میں دو طرح کے لوگ ہیں: ابناء الدُّنیا یعنی دنیا والے اور ابناء الآخرہ یعنی آخرت والے ۔ دنیا والے لوگ بھی اس دُنیا میں موجود ہیں اور آخرت والے لوگ بھی اس دنیا میں ہیں کیوں کہ یہ سفر دونوں ہی طرح کے انسانوں کو ایک ہی راستے سے طے کرنا ہے : پیدائش ،دُنیا، آخرت ۔

دونوں ہی طرح کے انسان اس زمین پر ہمیشہ سے موجود رہے ہیں اور قیامت تک رہیں گے۔ یہاں اصل امتحان ہی یہ ہے کہ کون اس سفر میں کس راستے کا انتخاب کرتا ہے ۔ ابناء الدنیا ہوں یا ابناء الآخرہ اس کا انحصار اس کے سفر سے زیادہ مقصد سفر پر ہے۔ یعنی وہ اپنے سفر کے اختتام پر کہاں جانا چاہتا ہے … جنت یا جہنم؟

یہ بات سب جانتے ہیں کہ اگرچہ آدمی اپنے سفر کا آغاز، سفر کے اختتام یعنی مقصد سفر کو سامنے رکھ کرتا ہے کہ وہ کہاں جانا چاہتا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ سفر کے انجام کا تعلق خود بہ راہ راست ، دوران سفر کی نوعیت سے بھی ہوتا ہے ۔ آدمی اپنے سفر کو کیسے گزارتا ہے ، اپنے وقت کو کیسے خرچ کرتا ہے ، اپنی سرگرمیوں اور مصروفیات کو کس انداز سے متعین کرتا ہے، سفر کے آغاز پر کب نکلتا ہے وغیرہ وغیرہ ایسے نکات ہیں جن کی بنیاد پر سفر کے انجام کا تعین ہوتا ہے۔

ابناء الدُّنیا جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، اپنے سفر کا آغاز دنیا کے فوائد اور نقصانات کو سامنے رکھ کر کرتے ہیں۔ پھر دنیا ہی کے فوائد کو حاصل کرنے اور دنیا کے نقصانات سے بچنے کے لیے اپنی مصروفیات اور ترجیحات طے کرتے ہیں۔ یہی ان کا سفر ہے۔ ابناء الآخرہ اپنی زندگی کے سفر میں آخرت کے فوائد اور نقصانات کو سامنے رکھتے ہیں۔ پھر آخرت ہی کے فوائد کو حاصل کرنے اور آخرت ہی کے نقصانات سے بچنے کے لیے اپنی مصروفیات وترجیحات طے کرتے ہیں۔

اصل کش مکش اس وقت دنیا میں ان دونوں دھڑوں کے درمیان ہے ، ابناء الدنیا ہر لحاظ سے دنیا کا فائدہ اٹھانے پر دنیاوی نقصانات سے بچنے کی کوشش میں ہیں اور اس کے لیے وہ ابنا ء الآخرہ کو بھی ہر قسم کا دنیاوی نقصان پہنچا کر یہ سمجھ رہے ہیں کہ انہوں نے کام یابی حاصل کرلی۔ لیکن ابناء الآخرہ اپنی آخرت کے فوائد کو حاصل کرنے کی دھن میں مگن ہیں اور آخرت کے نقصانات سے بچنے کا غم ان سے دنیا کے نقصان کا غم چھین چکا ہے۔

اس کش مکش میں آپ بھی شریک ہیں۔سوال یہ ہے، آپ کس قِسم کے مسافر ہیں ؟ اس کا فیصلہ آپ کی دن رات کی مصروفیات خیالات اور ترجیحات سے بہ خوبی ہو سکتا ہے!
Flag Counter