Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی جمادی اوَل 1430

ہ رسالہ

1 - 17
***
جمادی اوَل 1430, Volume 25, No. 5
آج بھی دین پر عمل ممکن ہے
آج پوری دنیا، کیا مغرب، کیا مشرق، کیا مسلم اورکیا کافر․․․ جس تیزی اور برق رفتاری سے دنیا کی محنت میں لگے ہوئے ہیں، شاید پہلے کبھی نہ تھے۔ لیکن یہ بڑی عجیب بات ہے کہ جس تیز رفتاری سے لوگ دنیا کے پیچھے بھاگتے چلے جارہے ہیں، اتنی ہی تیزی سے دنیا کی پریشانیوں اور مسائل میں گھرتے چلے جارہے ہیں۔ بزرگوں کا کہنا آج سامنے آرہا ہے کہ دنیا کے پیچھے جتنا بھاگو گے، اتنا ہی یہ تم سے بھاگے گی۔
دراصل، عمل کا ردِعمل ضرور ہوا کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جس قانون کے تحت دنیا کی تخلیق فرمائی ہے، اس کے تحت دنیا اس کے پیچھے بھاگتی ہے، جو اِس سے بھاگتا ہے۔ اور جو دنیا کے پیچھے بھاگتا ہے، دنیا اُس سے بھاگتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے تخلیقی قانون کے مطابق یہی ردِ عمل ہے، لیکن اس سے بھی عجیب بات یہ ہے کہ لوگ دنیا حاصل کرنے کے لیے دنیا سے دور ہوتے چلے جارہے ہیں۔ دنیا سے دوری مستحسن ہے، اگر یہ اللہ سے قربت کے نتیجے میں واقع ہو، لیکن انھیں اس بات کا بڑی شدت سے احساس ہورہا ہے کہ وہ دنیا کے پیچھے جتنے پڑے ہوئے ہیں، دنیا میں ان کے لیے اتنے ہی مسائل کھڑے ہورہے ہیں۔ اس حقیقت کو بیان کرنے کے لیے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں۔ آئے روز لوگ مختلف قسم کے مسائل اور مصائب میں جس طرح پھنستے چلے جارہے ہیں، وہ سب کے سامنے ہے۔ یہ دراصل اسی قانونِ تخلیق کے تحت ہے جس کے مطابق دنیا پرستی کے عمل نے جو ردِ عمل پیدا کیا وہ یہ کہ دنیا ہی تنگ ہوگئی۔نت نئی آسائشوں، طرح طرح کی خواہشوں نے انسان مرد و زن دونوں کو اپنا اسیر کرلیا ہے، اور حد یہ ہے کہ ان آسائشوں اور خواہشوں کی تکمیل کی خاطر جائز ناجائز اور حلال حرام کی بحث سے کوئی غرض نہیں۔ بس، یہ خواہشیں پوری ہونی چاہییں۔
غیر مسلموں کا افسوس نہیں، مگر دل روتا ہے تو اس بات پر کہ مسلمان بھی اپنی دینی اقدار اور اپنے اخلاق کو پس پشت ڈال کر کفار کی بلاسوچے پیروی کو ہر دم تیار رہتے ہیں اور اب تو صورت حال یہ ہے کہ نئی نسل کے مسلمانوں میں اسلام کی حیثیت محض ایک نمائشی علامت کے سوا کچھ نہیں رہ گئی جسے سال کے دو چار روز محض ثقافتی علامت کے طور پر زبان پر لایا اور گھروں میں سجالیا جاتا ہے۔موجودہ کیفیت کو اگر ہم اغیار کی سازش کہیں تو اس سے ہم اپنی جان چھڑا نہیں سکتے۔ اور اگر ہم زمانے کی مجبوری کا نام دیں تو زمانے کی تشکیل تو ہم خود کرتے ہیں۔ اصل یہ ہے کہ ہم اس ذمے داری کو ادا کرنے کے لیے تیار نہیں جو اسلام کے پیرو یعنی مسلمان ہونے اور کلمہ گو ہونے کے ناتے ہم پر عائد ہوتی ہے ۔ تو کیا ہم کچھ نہیں کرسکتے؟
یہ اللہ تعالیٰ کا بڑا فضل اور انعام ہے کہ ہم اس دور میں بھی کہ جب امت مسلمہ پر ایسی افتاد پڑی ہے، انفرادی، خاندانی اور معاشرتی سطح پر بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ اور یہ سب کرنا کچھ مشکل بھی نہیں۔ ہاں، صدقِ دل سے عزمِ مصمم یعنی پختہ ارادہ کرنا او ر اس پر عمل کرنا لازمی ہے۔ ماحول کتنا ہی بگڑ جائے، دین اور دین داروں کو برا بھلا کہنے والے کتنے ہی بڑھ جائیں، آپ صرف دو کام کرلیں تو اِن شاء اللہ دنیا میں بھی عافیت اور سکون کی زندگی مل سکتی ہے اور آخر ت بھی سنور سکتی ہے۔ اس میں پہلی چیز تو یہ کہ یہ دیکھیے، کس وقت اللہ کا کیا حکم آپ کے لیے ہے؛ اور دوسرے، اس حکم کو کیوں کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طریقے (سنت) کے مطابق پورا کیا جاسکتا ہے۔ اور یہ دونوں چیزیں تبھی ممکن ہیں جب آپ اللہ والوں کی صحبت میں بیٹھیں۔ موجودہ حالات میں ایک فرد کے لیے خواہ وہ کتنا ہی متقی ہو، یہ ممکن نہیں کہ وہ تن تنہا دین پر ثابت قدم اور مستقل مزاج رہے۔ یہ صرف اسی صورت میں آسان ہوگا جب آپ اپنی زندگی کا کچھ حصہ یا وقت اللہ والوں کی معیت میں گزاریں۔
یہ بھی اللہ تعالیٰ کا کتنا بڑا احسان ہے کہ ہر طرف سے فتنے اٹھ رہے ہیں، مگر اللہ والوں کا وجود باقی اور ان کا فیض جاری و ساری ہے۔ بلا شبہ اللہ والوں کے وجود اور ان کی ضرورت کا احساس جتنی شدت سے آج ہوتا ہے، شاید کبھی نہ ہوا ہو۔ یہ اب ہم پر منحصر ہے کہ ہم کیسے ان سے فیض یاب ہو کر آج کے پُرفتن دور میں بھی آسانی کے ساتھ اللہ کے احکام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقوں کو پورا کرسکیں۔ عمل کی نیت اور عزم شرط ہے․․․ اللہ کی رحمت اور نصرت ہمیں اللہ والوں میں شامل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

x
ﻧﻤﺒﺮﻣﻀﻤﻮﻥﺻﻔﺤﮧﻭاﻟﺪ
1 فہرست 1 0
2 آج بھی دین پر عمل ممکن ہے 1 1
3 جب الله کسی بستی کو ہلاک کرنا چاہیں 2 1
4 ایمان کی تجدید، دعوت الی الله کے ذریعی ( آخری قسط) 3 1
5 دعوتِ اصلاح مولانا محمد منظور نعمانی  4 1
6 کیا فرماتے ہیں علمائے دین 5 1
7 یہودی ذہنیت اور ہماری سرد مہری عبدالله خالد قاسمی 6 1
8 مسلم دنیا ۔۔ حالات وواقعات 7 1
9 مسلمانان عالم ۔۔داخلی مسائل ومشکلات مولانا حبیب الرحمن اعظمی 8 1
10 مسلمان اور عصر حاضر۔۔ عمل کی ضرورت مولانا محمد عارف سنبھلی 9 1
11 اخبار جامعہ 10 1
12 مبصر کے قلم سے 11 1
13 نکا ح نعمت ،طلاق ضرورت مفتی محمد جعفر ملی رحمانی 12 1
14 مسلمانوں اور غیر مسلموں کی ترقی کے اسباب الگ ہیں مولانا محمد حذیفہ وستانوی 13 1
15 حدیث اور تاریخ کا فر ق مولوی عمر فاروق راجن پوری 14 1
16 تصوف کیا ہے؟مولانا ذوالفقار احمد نقشبندی 15 1
19 عربی قواعد افادیت وخاصیت محترم خلیل الرحمن 16 1
20 مغرب کا بین الاقوامی قانون علمی وتاریخی جائزہ مولانا محمد عیسی منصوری 17 1
Flag Counter